نمز ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ 16 اکتوبر کو ، نتیجہ کا اعلان 2 سے 3 ہفتوں میں ہو گا، رجسٹرار

راولپنڈی ۔10اکتوبر (اے پی پی):نیشنل یونیورسٹی آف میڈیکل سائنسز (نمز) پاکستان بھر میں اور سمندر پار سعودی عرب و متحدہ عرب امارات میں ایم بی بی ایس/بی ڈی ایس پروگراموں میں داخلہ کے لئے میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج ایڈمیشن ٹیسٹ (ایم ڈی کیٹ ) 16 اکتوبر کو منعقد کرے گی۔ یونیورسٹی رجسٹرار بریگیڈیئر (ر) محمد اظہر نے پیر کو بتایا کہ 13 میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں داخلہ کے لئے ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ لیا جا رہا ہے ۔

انہوں نےکہا کہ پاکستان میڈیکل کمیشن کے گزشتہ ماہ کےفیصلہ کے مطابق اس سال ان کالجز میں داخلہ کے خواہشمند طالب علموں کو کوئی اور ٹیسٹ دینے کی ضرورت نہیں ہو گی ۔نمز انٹری ٹیسٹ (این ای ٹی) کی ہئیت ایم ڈی کیٹ برائےنمز 2022 تبدیل کر دی گئی ہے۔ رجسٹرار نے کہا کہ ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس کے تمام امیدواروں کو ٹیسٹ میں کامیاب ہونے کے لیے بالترتیب 55 فیصد اور 45 فیصد پاسنگ نمبر حاصل کرنا ہو گے ۔ایم بی بی ایس/بی ڈی ایس سیشن 2022 کا ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ آزاد کشمیر ، اسلام آباد اور سمندر پار نمز مراکز سمیت چاروں صوبوں کے20مختلف شہروں میں قائم امتحانی مراکز میں منعقد ہوگا۔

پاکستانی شہریت کے حامل 70 ہزارسے زیادہ امیدوار 2075 نشستوں پر داخلوں کے لیے اپنے متعلقہ امتحانی مراکز میں ٹیسٹ دیں گے۔ان امیدواروں میں 46262 طالبات اور 23533 طلبہ نے داخلے کے لیے درخواست دے رکھی ہے۔ رجسٹرار نے کہا کہ نمز کے ایم ڈی کیٹ کے ٹیسٹ کے نتیجہ کا اعلان 2 سے 3 ہفتوں کے اندر متوقع ہو گا۔دریں اثنا یونیورسٹی نے ایم بی بی ایس/بی ڈی ایس کے لیے ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ کے شفاف طریقے سے انعقاد کو یقینی لئے جامع انتظامات کو حتمی شکل دے دی ہےاور تربیت یافتہ عملہ امتحانی مراکز میں تعینات کیا جا رہاہے۔

بتایا گیا ہے کہ تمام امتحانی مراکز کی نگرانی اور باہمی رابطہ کے لئے نمز سیکریٹریٹ میں خصوصی کنٹرول روم قائم کیا جائے گا۔ تمام امیدواروں کوتاکید کی گئی کہ وہ ضروری دستاویزات کے ہمراہ ٹیسٹ شروع ہونے سے دو گھنٹے قبل اپنے متعلقہ امتحانی مر کز پہنچ جائیں ۔