نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز کے میڈیا سٹڈیز ڈیپارٹمنٹ کے طلبہ نے اتوار کو مارگلہ ہلز کے ٹریل فائیو پر “ہیلتھ آن اے ہیٹنگ پلانیٹ” کے عنوان سے آگاہی مہم کا انعقاد کیا ،یہ اسلام آباد وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ کے تعاون سے منعقد کی گئی
نمل کے میڈیا سٹڈیز ڈیپارٹمنٹ کی ہیلتھ آن اے ہیٹنگ پلانیٹ کے عنوان سے مہم ،لوگوں کو گرمی کے خطرات سے آگاہ کیا

مزید خبریں
اسلام آباد۔24مئی (اے پی پی):نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز کے میڈیا سٹڈیز ڈیپارٹمنٹ کے طلبہ نے اتوار کو مارگلہ ہلز کے ٹریل فائیو پر “ہیلتھ آن اے ہیٹنگ پلانیٹ” کے عنوان سے آگاہی مہم کا انعقاد کیا ،یہ اسلام آباد وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ کے تعاون سے منعقد کی گئی جس کا مقصد ماحولیاتی تبدیلیوں کے انسانی صحت پر بڑھتے اثرات سے متعلق شعور اجاگر کرنا تھا۔ آگاہی مہم بی ایس فائنل ایئر کے طلبہ کے عملی میڈیا کیمپین پراجیکٹ کا حصہ تھی جس کی نگرانی ڈاکٹر فائزہ خالد نے کی۔طلبہ نے بینرز، پلے کارڈز اور معلوماتی پوسٹرز کے ذریعے ٹریل پر آنے والے شہریوں، ہائیکرز اور خاندانوں کو شدید گرمی، ہیٹ ویوز اور ماحولیاتی آلودگی سے پیدا ہونے والے صحت کے خطرات سے آگاہ کیا۔مہم کے دوران پانی کی کمی،ہیٹ سٹروک، سانس کی بیماریوں، جلدی امراض، فضائی آلودگی اور موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث ذہنی دباؤ جیسے مسائل پر خصوصی توجہ دی گئی۔ شرکا میں مفت پودے بھی تقسیم کیے گئے تاکہ شجرکاری اور ماحول دوست رویوں کو فروغ دیا جا سکے۔آئی ڈبلیو ایم بی کے ڈائریکٹر سخیوت علی، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ذاکر علی اور ٹریل سپروائزر عمران خان نے تقریب میں شرکت کی اور طلبہ کی کاوشوں کو سراہا۔ اس موقع پر سخیوت علی نے کہا کہ ماحولیاتی تحفظ اور موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے عوامی شعور انتہائی ضروری ہے اور نوجوانوں کی ایسی سرگرمیاں معاشرے میں مثبت تبدیلی لا سکتی ہیں۔ماحولیاتی آگاہی کے معروف کارکن منصور شیروانی نے بھی مہم میں شرکت کی اور شہریوں پر زور دیا کہ وہ قدرتی ماحول کے تحفظ اور پائیدار طرز زندگی کو اپنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔طلبہ سویرا سفیر، زرمنہ اور محمد شہریار کا کہنا تھا کہ موسمیاتی تبدیلی اب صرف ماحولیاتی مسئلہ نہیں بلکہ ایک سنجیدہ عوامی صحت کا چیلنج بن چکی ہےجس کے اثرات روزمرہ زندگی پر نمایاں طور پر مرتب ہو رہے ہیں۔منتظمین کے مطابق ٹریل فائیو کا انتخاب اس لیے کیا گیا کیونکہ یہاں روزانہ بڑی تعداد میں شہری اور ہائیکرز آتے ہیں جس کے باعث یہ عوامی آگاہی کے لیے مؤثر مقام ثابت ہوا۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں بھی وفاقی دارالحکومت میں ماحولیاتی تحفظ، موسمیاتی آگاہی اور صحت مند طرز زندگی کے فروغ کے لیے ایسی سرگرمیاں جاری رکھی جائیں گی۔








