نواز شریف پانامہ لیکس عالمی اسکینڈل میں پکڑے گئے، انہیں ہر صورت واپس آنا ہو گا، معاون خصوصی امور نوجواناں عثمان ڈار

اسلام آباد۔24نومبر (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجواناں عثمان ڈار نے کہا ہے کہ نواز شریف پانامہ لیکس عالمی اسکینڈل میں پکڑے گئے، وزیراعظم عمران خان نے ان کے خلاف کیسز نہیں بنائے، اب وہ اشتہاری اور سزا یافتہ مجرم ہیں، شہباز شریف نے ان کی واپسی کی ضمانت دی ہوئی ہے اور انہیں ہر صورت واپس آنا ہو گا، حکومت اپوزیشن کے جلسوں سے خوفزدہ نہیں …

اسلام آباد۔24نومبر (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجواناں عثمان ڈار نے کہا ہے کہ نواز شریف پانامہ لیکس عالمی اسکینڈل میں پکڑے گئے، وزیراعظم عمران خان نے ان کے خلاف کیسز نہیں بنائے، اب وہ اشتہاری اور سزا یافتہ مجرم ہیں، شہباز شریف نے ان کی واپسی کی ضمانت دی ہوئی ہے اور انہیں ہر صورت واپس آنا ہو گا، حکومت اپوزیشن کے جلسوں سے خوفزدہ نہیں ہے، اپوزیشن خود ہی اپنے بیانیے میں دفن ہو رہی ہے۔ منگل کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ بات بالکل غلط ہے کہ حکومت مہلک وبا کے حوالے سے سنجیدہ نہیں، کورونا پر ہماری پالیسیوں کی دنیا معترف ہے، وزیراعظم عمران خان پہلے دن سے عام آدمی کی بات کر رہے تھے اور اب بھی حکومت اسمارٹ لاک ڈاﺅن پالیسی کے تحت آگے بڑھے گی تاکہ عوام کی صحت کا تحفظ کرنے کے ساتھ ساتھ معاشی سرگرمیاں چلتی رہیں۔ عثمان ڈار نے کہا کہ امریکہ کے ٹاپ اقتصادی ماہرین نے کہا کہ اگر امریکہ پاکستان جیسی حکمت عملی اپناتا تو 10 ٹریلین ڈالر بچا سکتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے عوامی اجتماعات پر پابندی لگا دی ہے، ہماری پوری کوشش ہے کہ ایسی تقریبات سے گریز کیا جائے جن سے وبا پھیلنے کا خطرہ ہو، بدقسمتی سے اپوزیشن جماعتیں عوام کو تاثر دے رہی ہیں کہ جلسوں میں نکلو کچھ نہیں ہوتا، سیاسی رہنما جب مثال نہیں بنیں گے تو عوام کس طرح ذمہ داری کا مظاہرہ کریں گے، اپوزیشن رہنماﺅں اور عوام سے اپیل ہے کہ وبا سے نمٹنے کیلئے حکومت کے ساتھ تعاون کریں۔ معاون خصوصی نے کہا کہ اپوزیشن کا دوہرا معیار قوم کے سامنے بے نقاب ہو گیا ہے، یہ لوگ ذاتی مفادات کے تحفظ اور سیاسی فوائد کے حصول کیلئے جلسہ جلسہ کھیل رہے ہیں، انہیں عوام کی کوئی پرواہ نہیں۔