ترجمان سٹی ٹریفک پولیس فیصل آباد اسماعیل نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر نوجوانوں کی سہولت کے لئے جووینائل (Juvenile) ڈرائیونگ پرمٹ کے اجرا کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔
نوجوانوں کی سہولت کے لئے جووینائل ڈرائیونگ پرمٹ کے اجرا کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے،ترجمان سی ٹی او

مزید خبریں
فیصل آباد۔ 06 جولائی (اے پی پی):ترجمان سٹی ٹریفک پولیس فیصل آباد اسماعیل نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر نوجوانوں کی سہولت کے لئے جووینائل (Juvenile) ڈرائیونگ پرمٹ کے اجرا کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد کم عمر اہل نوجوانوں کو قانونی، محفوظ اور ذمہ دارانہ ڈرائیونگ کی جانب راغب کرنا اور ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کو فروغ دینا ہے۔انہوں نے بتایا کہ جووینائل ڈرائیونگ پرمٹ کے حصول کے خواہشمند امیدوار لرنر ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنے کے بعد مقررہ قواعد و ضوابط کے مطابق ڈرائیونگ ٹیسٹ دے کر پرمٹ حاصل کر سکتے ہیں۔
ترجمان کے مطابق شہریوں کی سہولت کے لئے فیصل آباد بھر میں مختلف لائسنس سنٹرز پر یہ سہولت فراہم کر دی گئی ہے، جن میں پیپلز کالونی،غلام محمد آباد،ڈی گراؤنڈ،فیصل آباد چیمبر آف کامرس،ٹریفک سیکٹرپینسرہ،سی ٹی او آفس نزد پریس کلب کچہری روڈ، انڈر پاس پل جھال خانوآنہ، سمن آباد، ٹریفک سیکٹر چک جھمرہ،تاندلیانوالہ، ٹریفک سیکٹر ڈجکوٹ،ٹریفک سیکٹرجڑانوالہ،ٹریفک سیکٹرجھنگ روڈ،جھنگ روڈ کوتوالی، ای خدمت مرکز لاری اڈا اورٹریفک سیکٹر کھرڑیانوالہ وغیرہ شامل ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ اس کے علاوہ موبائل لائسنسنگ یونٹ کے ذریعے بھی شہریوں کو سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔ترجمان اسماعیل نے والدین اور نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ بغیر لائسنس گاڑی یا موٹرسائیکل چلانے سے گریز کریں، ٹریفک قوانین کی مکمل پابندی کریں اور قانونی طریقہ کار کے تحت جووینائل ڈرائیونگ پرمٹ حاصل کر کے محفوظ سفر کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس فیصل آباد شہریوں کو جدید، آسان اور شفاف لائسنسنگ سہولیات کی فراہمی کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔








