نوجوان نسل کا کشمیر کی تاریخ، ثقافت اور جاری جدوجہد سے آگاہ ہونا ضروری ہے،وفاقی وزیر راناقاسم نون

ملتان۔ 14 فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر و چیئرمین پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر رانا قاسم نون نے کہا ہے کہ نوجوان نسل کے لیے ضروری ہے کہ وہ کشمیر کی تاریخ، ثقافت اور جاری جدوجہد سے مکمل آگاہی حاصل کرے تاکہ انہیں معلوم ہو سکے کہ کشمیری عوام بھارتی تسلط کے تحت کس طرح زندگی گزار رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نےملتان میں یونیورسٹی آف ساؤدرن پنجاب کے …

ملتان۔ 14 فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر و چیئرمین پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر رانا قاسم نون نے کہا ہے کہ نوجوان نسل کے لیے ضروری ہے کہ وہ کشمیر کی تاریخ، ثقافت اور جاری جدوجہد سے مکمل آگاہی حاصل کرے تاکہ انہیں معلوم ہو سکے کہ کشمیری عوام بھارتی تسلط کے تحت کس طرح زندگی گزار رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نےملتان میں یونیورسٹی آف ساؤدرن پنجاب کے ساتویں کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ جامعات میں امورِ کشمیر کے حوالے سے باقاعدہ مطالعہ متعارف کرایا جائے تاکہ خطے کے طلبہ کشمیری عوام کی تہذیب، تمدن اور قربانیوں کو بہتر انداز میں سمجھ سکیں۔

انہوں نے کہا کہ تعلیمی اسناد ذمہ داری کا تقاضا کرتی ہیں کہ نوجوان معاشرے میں نمایاں خدمات انجام دیں اور قومی ترقی میں مثبت کردار ادا کریں۔انہوں نے اس امر پر اطمینان کا اظہار کیا کہ یونیورسٹی ملک کی دیگر کامیاب جامعات کی طرح معیاری اور جدید تعلیم فراہم کر رہی ہے۔وفاقی وزیر نے فارغ التحصیل طلبہ پر زور دیا کہ وہ اپنی تعلیم کو معاشرے اور ملک کی بہتری کے لیے استعمال کریں۔انہوں نے کہا کہ شعور، علم اور احساسِ ذمہ داری ہی ایک مضبوط اور مستحکم قوم کی بنیاد رکھتے ہیں۔