نوجوان کھلاڑیوں نے مسلسل تین میچز سٹریٹ سیٹس میں جیت کر ایک شاندار کامیابی حاصل کی ہے،چوہدری محمدیعقوب

پاکستان والی بال فیڈریشن کے چیئرمین چوہدری محمد یعقوب نے اے وی سی بوائز انڈر 18 والی بال چیمپئن شپ 2026 کے گروپ مرحلے میں قومی ٹیم کی ناقابل شکست کارکردگی پر کھلاڑیوں، کوچنگ سٹاف اور ٹیم مینجمنٹ کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ نوجوان کھلاڑیوں نے مسلسل تین میچز سٹریٹ سیٹس میں جیت کر ایک شاندار کامیابی حاصل کی ہے۔

لاہور۔14جولائی (اے پی پی):پاکستان والی بال فیڈریشن کے چیئرمین چوہدری محمد یعقوب نے اے وی سی بوائز انڈر 18 والی بال چیمپئن شپ 2026 کے گروپ مرحلے میں قومی ٹیم کی ناقابل شکست کارکردگی پر کھلاڑیوں، کوچنگ سٹاف اور ٹیم مینجمنٹ کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ نوجوان کھلاڑیوں نے مسلسل تین میچز سٹریٹ سیٹس میں جیت کر ایک شاندار کامیابی حاصل کی ہے۔ انہوں نے جاری بیان میں کہا کہ پوری ٹیم اور کوچنگ سٹاف نے نظم و ضبط، بہترین کھیل اور غیر معمولی عزم کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کی بھرپور انداز میں نمائندگی کی اور قوم کا سر فخر سے بلند کیا۔چوہدری محمد یعقوب نے کہا کہ اب کوارٹر فائنل قومی ٹیم کے لیے ایک نیا امتحان ہے۔ گزشتہ کامیابیاں یقینا اعتماد میں اضافہ کرتی ہیں، لیکن کھلاڑیوں کو آئندہ میچ پر مکمل توجہ مرکوز رکھنا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ انہیں نوجوان قومی ٹیم کی صلاحیتوں اور فائٹنگ سپرٹ پر مکمل یقین ہے، اس لیے کھلاڑی ہمت، نظم و ضبط اور اتحاد کے ساتھ میدان میں اتریں کیونکہ پوری قوم کی دعائیں ان کے ساتھ ہیں۔انہوں نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ پاکستان والی بال فیڈریشن ملک میں نوجوانوں کی والی بال کے ڈھانچے کو مزید مضبوط بنانے، باصلاحیت کھلاڑیوں کو بین الاقوامی سطح پر کھیلنے کے مواقع فراہم کرنے اور ہائی پرفارمنس پروگرامز کے ذریعے ان کی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے بھرپور اقدامات جاری رکھے گی۔دوسری جانب پاکستان والی بال فیڈریشن کے صدر سہیل خواجہ میر نے بھی گروپ مرحلے میں قومی ٹیم کی شاندار اور ناقابل شکست کارکردگی کو سراہتے ہوئے کوارٹر فائنل سے قبل نوجوان کھلاڑیوں کے نام خصوصی پیغام جاری کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے گروپ مرحلہ نہ صرف بغیر کوئی میچ ہارے مکمل کیا بلکہ ایک بھی سیٹ اپنے حریفوں کے خلاف نہیں گنوایا۔ یہ کارکردگی نوجوان کھلاڑیوں کے مضبوط کردار، بہترین تیاری، باہمی اتحاد اور نظم و ضبط کا واضح ثبوت ہے، جبکہ انہوں نے پورے ایشیا کو دکھا دیا ہے کہ پاکستان والی بال اعتماد اور واضح مقصد کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے۔پاکستان والی بال فیڈریشن نے کہا ہے کہ پول "سی” میں غیر معمولی کارکردگی کے بعد اب قومی ٹیم کی تمام تر توجہ کوارٹر فائنل پر مرکوز ہے، جہاں اسے چیمپئن شپ کے اب تک کے سب سے بڑے امتحان کا سامنا ہوگا۔ فیڈریشن نے ملک بھر کے والی بال شائقین سے اپیل کی ہے کہ وہ نوجوان قومی ٹیم کی بھرپور حوصلہ افزائی جاری رکھیں اور اس کی کامیابی کے لیے دعا کریں۔