نوروز امن و محبت ، دوستی، ہم آہنگی اور ثقافتوں کے درمیان یکجہتی کا پیغام دیتا ہے، وزیراعظم کا نوروز پر پیغام

اسلام آباد۔20 مارچ (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے پارسی برادری کو نوروز کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ نوروز بہار کی آمد، نئے آغاز اور نئی امید کی علامت اور امن و محبت ، دوستی، ہم آہنگی اور ثقافتوں کے درمیان یکجہتی کا پیغام دیتا ہے۔ وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق نوروز کے موقع پر اپنے پیغام میں …

اسلام آباد۔20 مارچ (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے پارسی برادری کو نوروز کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ نوروز بہار کی آمد، نئے آغاز اور نئی امید کی علامت اور امن و محبت ، دوستی، ہم آہنگی اور ثقافتوں کے درمیان یکجہتی کا پیغام دیتا ہے۔ وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق نوروز کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیر اعظم نے کہا کہ وہ یوم نوروز پر پاکستان میں مقیم پارسی برادری اور دنیا بھر میں اس دن کو منانے والے تمام افراد کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے قومی تشخص اور نوروز میں ثقافتی تنوع کا احترام، مذہبی آزادی کا تحفظ اور پرامن بقائے باہمی جیسی اقدار مشترک ہیں، آئین پاکستان تمام شہریوں کی مذہبی عبادات کو تحفظ دیتا ہے، آئین پاکستان کی روشنی میں بین المذاہب ہم آہنگی اور مذہبی رواداری کو فروغ دینے کے لیے موثر پالیسی اقدامات اٹھا گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نےمذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے لئے پالیسی برائے بین المذاہب ہم آہنگی (2025) اور حکمت عملی برائے مذہبی رواداری (2025) کی شکل میں جامع حکمت عملی اپنائی ہے۔

ان پالیسی اقدامات کا مقصد مذاہب کے مابین مکالمہ کے فروغ، تنازعات کے حل کا موثر نظام، نفرت انگیز تقاریر کی روک تھام اور مشترکہ انسانی اقدار کے شعور کو اجاگر کرنا شامل ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ ملک میں موجود تمام مذاہب کے پیروکاروں کی حفاظت ان کی عبادت گاہوں اور مذہبی ورثے کی دیکھ بھال حکومت کے فرائض میں شامل ہے۔ حکومت ،میڈیا، تعلیمی اداروں، سول سوسائٹی اور مذہبی رہنمائوں کے اشتراک سے باہمی احترام اور افہام و تفہیم کی فضا کو فروغ دینے کے لیے کوشاں ہے۔انہوں نے کہا کہ آئیے ہم بحیثیت قوم باہمی ہم آہنگی، مذہبی رواداری اور برداشت اور مشترکہ خوشحالی کے لیے مل کر کام کرنے کا تجدید عہد کریں۔