اسلام آباد۔7دسمبر (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجواناں عثمان ڈار نے کہا ہے کہ 9 دسمبر کو سیالکوٹ میں”سیال ایئر لائن“ کی لانچنگ وزیراعظم عمران خان کی کاروبار میں آسانی کی پالیسی کا نتیجہ ہے، ایک طرف اپوزیشن جماعتیں ذاتی مفادات کے تحفظ اور مذموم سیاسی مقاصد کے حصول کیلئے جلسے کر رہی ہیں جبکہ دوسری جانب وزیراعظم عمران خان کی جامع پالیسیوں کی بدولت کورونا وبا …
نو دسمبر کو سیالکوٹ میں”سیال ایئر لائن“ کی لانچنگ وزیراعظم عمران خان کی کاروبار میں آسانی کی پالیسی کا نتیجہ ہے،معاون خصوصی امور نوجواناں عثمان ڈار
اسلام آباد۔7دسمبر (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجواناں عثمان ڈار نے کہا ہے کہ 9 دسمبر کو سیالکوٹ میں”سیال ایئر لائن“ کی لانچنگ وزیراعظم عمران خان کی کاروبار میں آسانی کی پالیسی کا نتیجہ ہے، ایک طرف اپوزیشن جماعتیں ذاتی مفادات کے تحفظ اور مذموم سیاسی مقاصد کے حصول کیلئے جلسے کر رہی ہیں جبکہ دوسری جانب وزیراعظم عمران خان کی جامع پالیسیوں کی بدولت کورونا وبا کے باوجود معاشی اعدادوشمار درست سمت کی طرف گامزن ہیں۔ پیر کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 9 دسمبر سیالکوٹ اور شہریوں کیلئے اہم اور بڑا دن ہے، سیالکوٹ بزنس کمیونٹی کی کوششوں سے سیالکوٹ میں ایئر سیال کا آغاز ہونے جا رہا ہے جس پر میں چیئرمین ایئر سیال اور ان کی پوری ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، سیال ایئرلائن کی لانچنگ ملک میں فضائی سفر میں زبردست اضافہ ثابت ہو گا۔ عثمان ڈار نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان 9 دسمبر کو سیال ایئر لائن کے افتتاح کے موقع پر سیالکوٹ میں تعلیم، صحت اور انفراسٹرکچر کے حوالے سے تاریخی پیکیج کا اعلان بھی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کلین گرین سیالکوٹ کیلئے17 ارب روپے رکھے گئے ہیں جس میں پینے کا صاف پانی، سیوریج سسٹم، گرین پارکس، ٹریفک ری انجنیئرنگ، سٹی ماسٹرز جیسے منصوبوں سمیت5.1 ارب روپے کی لاگت سے مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال اور تقریباً 14 ارب روپے کی لاگت سے ٹیکنیکل یونیورسٹی کی تعمیر کے منصوبے بھی شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ صنعتی شہر ہے یہاں پر ٹیکنیکل یونیورسٹی کا قیام ضروری تھا، اس سے ہمیں ہیومن ریسورس دستیاب ہو سکے گا، اس یونیورسٹی میں نوجوانوں کو ایمرجنگ ٹیکنالوجی کی تعلیم دی جائے گی تاکہ وہ اپنا کاروبار شروع کر سکیں اور اس کے ساتھ ساتھ وہ انڈسٹری کے اندر بھی کنٹری بیوشن کر سکیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ٹائیگر فورس کے نوجوان بغیر کسی مالی فائدے کے رضاکارانہ طور پر کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد کرانے کیلئے صوبائی انتظامیہ کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں، اس کے علاوہ ٹائیگر فورس نوجوانوں کی نشاندہی پر خودساختہ مہنگائی اور ذخیرہ اندوزی میں ملوث افراد کے خلاف حکومت کریک ڈاﺅن کر رہی ہے، اب تک کروڑوں روپے جرمانے کئے جا چکے ہیں اور کروڑوں روپے مالیت کی ذخیرہ اندوزی سرکار اپنے قبضے میں لے چکی ہے جس میں میں ٹائیگر فورس کو سلام پیش کرتا ہوں۔ عثمان ڈار نے کہا کہ تحریک انصاف حکومت نے جب اقتدار سنبھالا تو تباہ حال معیشت تھی، وزیراعظم عمران خان نے معیشت کو درست سمت میں لے جانے کیلئے ایک لیڈرشپ کا کردار ادا کیا اور یہی وجہ ہے کہ آج ڈھائی سال بعد کورونا کے باوجود معاشی اعدادوشمار درست سمت میں جا رہے ہیں، سیمنٹ، ٹیکسٹائل اور آٹو انڈسٹریاں اوپر اٹھ رہی ہیں اور برآمدات میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔









