نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے چاروں صوبوں، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان کے لئے نئی گائیڈ لائنز جاری کر دیں

اسلام آباد۔6نومبر (اے پی پی):نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے چاروں صوبوں، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان کے لئے نئی گائیڈ لائنز جاری کر دی ہیں۔ ماسک کا استعما ل نہ کرنے والوں پر سو روپے جرمانہ ہو گا جس کے عوض انہیں تین ماسک موقع پر فراہم کئے جائیں گے جبکہ پبلک اور پرائیویٹ دفاتر کے 50 فیصد ملازمین گھر میں بیٹھ کر کام کریں گے۔ …

اسلام آباد۔6نومبر (اے پی پی):نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے چاروں صوبوں، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان کے لئے نئی گائیڈ لائنز جاری کر دی ہیں۔ ماسک کا استعما ل نہ کرنے والوں پر سو روپے جرمانہ ہو گا جس کے عوض انہیں تین ماسک موقع پر فراہم کئے جائیں گے جبکہ پبلک اور پرائیویٹ دفاتر کے 50 فیصد ملازمین گھر میں بیٹھ کر کام کریں گے۔ این سی او سی کی جانب سے جاری کی گئی ہدایت کے مطابق اِنڈور شادی کی تقریبات پر پابندی عائد کر دی گئی ہے جبکہ آئوٹ ڈور شادیوں کی تقاریب کے انعقاد کی اجازت ہو گی جس میں زیادہ سے زیادہ ایک ہزا ر کی تعداد میں مہمان مدعو کئے جا سکتے ہیں، شادی کے حوالہ سے گائیڈ لائنز 20 نومبر سے نافذ العمل ہوں گی جن کی مزید ہدایات علیحدہ سے جاری کی جائیں گی۔ این سی او سی نے ملک میں پبلک اور پرائیویٹ اداروں کے دفاتر میں 50 فیصد سٹاف کی حاضری کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ 50 فیصد سٹاف گھروں سے کام کرے گا۔ کورونا کے ہاٹ سپاٹ ایریاز کے لئے سمارٹ لاک ڈائون کا دائرہ کار بڑھا یا جائے گا۔ این سی او سی کی جانب سے جاری کردہ ہدایات تمام صوبوں میں 7 نومبر سے نافذ العمل ہوں گی۔این سی او سی کے بیان کے مطابق کراچی، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، ملتان، حیدر آباد، گلگت، مظفر آباد، میرپور، پشاور، کوئٹہ، گوجرانوالہ، گجرات، فیصل آباد، بہاولپور اور ایبٹ آباد کورونا سے زیادہ متاثرہ شہروں میں شامل ہیں جہاں پابندیاں بڑھائی جارہی ہیں جن کا اطلاق 31 جنوری 2021 تک ہوگا۔قبل ازیں حکومت نے فیصلہ کیا تھا کہ کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ 11 شہروں میں تمام تجارتی مراکز رات 10 بجے اور پارکس شام 6 بجے بند کردیے جائیں۔