واقعہ کربلا حق انسانیت کو ظلم و جبر کے خلاف ڈٹ جانے اور حق و صداقت پر ثابت قدم رہنے کا درس دیتا رہے گا، بیرسٹر دانیال چوہدری
واقعہ کربلا حق انسانیت کو ظلم و جبر کے خلاف ڈٹ جانے اور حق و صداقت پر ثابت قدم رہنے کا درس دیتا رہے گا، بیرسٹر دانیال چوہدری

مزید خبریں
راولپنڈی۔26جون (اے پی پی):وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و نشریات بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا ہے کہ واقعہ کربلا حق، صبر، استقامت اور قربانی کی لازوال داستان ہے جو رہتی دنیا تک انسانیت کو ظلم و جبر کے خلاف ڈٹ جانے اور حق و صداقت پر ثابت قدم رہنے کا درس دیتا رہے گا۔ حضرت امام حسینؓ اور شہدائے کربلا کی عظیم قربانیاں امت مسلمہ کے لیے مشعل راہ ہیں جبکہ یوم عاشور ہمیں ایثار، برداشت، اخوت، قومی یکجہتی اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کا پیغام دیتا ہے۔
اپنے خصوصی پیغام میں بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا کہ حضرت امام حسینؓ اور ان کے جانثار ساتھیوں نے میدان کربلا میں شجاعت، وفاداری اور قربانی کی ایسی لازوال داستان رقم کی جس کی مثال تاریخ عالم میں نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ یوم عاشور حق و باطل کے درمیان ہونے والے اس عظیم معرکے کی یاد دلاتا ہے جس میں نواسہ رسول حضرت امام حسینؓ نے اپنی جان اور اپنے اہل خانہ کی قربانی پیش کر کے دین اسلام کو نئی زندگی بخشی اور امت مسلمہ کے لیے حق پر ثابت قدم رہنے کی روشن مثال قائم کی۔ انہوں نے کہا کہ امام حسینؓ کا فلسفہ حیات پوری انسانیت کے لیے مشعل راہ ہے جبکہ کربلا کا پیغام ہمیں سکھاتا ہے کہ حق کے راستے پر چلنے والے حالات کتنے ہی دشوار کیوں نہ ہوں باطل کے سامنے سر تسلیم خم نہیں کرتے۔
انہوں نے کہا کہ شہدائے کربلا نے دین حق کی سربلندی کے لیے اپنی جانیں قربان کر دیں مگر اصولوں پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا، یہی وجہ ہے کہ ان کی قربانیاں رہتی دنیا تک زندہ و جاوید رہیں گی۔ وفاقی پارلیمانی سیکرٹری نے کہا کہ امام حسینؓ کی شہادت نے اسلام کی سربلندی کے لیے جان کی بازی لگا دینے کی ایسی روایت قائم کی جو ہر دور میں اہل حق کے لیے حوصلے، عزم اور استقامت کا سرچشمہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ کربلا کے شہیدوں کی بدولت اسلام آج بھی زندہ ہے اور حق و باطل کی کشمکش ہر دور کی طرح آج بھی جاری ہے اس لیے ایثار، قربانی، صبر، برداشت، رواداری اور اخوت کے جذبے کو فروغ دینے کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ ہے۔ بیرسٹر دانیال چوہدری نے عوام پر زور دیا کہ وہ شہدائے کربلا کے پیغام کو اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگی کا حصہ بنائیں، قومی اتحاد کو مضبوط کریں اور بین المسالک ہم آہنگی، بھائی چارے اور باہمی احترام کے فروغ کے لیے کردار ادا کریں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت عزاداروں کے جان و مال کے تحفظ اور مجالس و جلوسوں کے پرامن انعقاد کے لیے تمام ضروری انتظامات کو یقینی بنا رہی ہے تاکہ محرم الحرام کے اجتماعات محفوظ اور پرامن ماحول میں منعقد ہو سکیں۔








