واقعہ کربلا صبر، استقامت، برداشت، ایثار اور ظلم کے خلاف جدوجہد کا لازوال درس ہے، گورنر خیبر پختونخوا

فیصل کریم کنڈی: واقعۂ کربلا صبر، استقامت اور ظلم کے خلاف جدوجہد کا لازوال درس ہے

پشاور۔ 25 جون (اے پی پی):گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ واقعہ کربلا صرف ایک تاریخی واقعہ نہیں بلکہ صبر، استقامت، برداشت، ایثار اور ظلم کے خلاف جدوجہد کا لازوال درس ہے۔

دس محرم الحرام، یومِ عاشور 1448 ہجری کے موقع پر اپنے پیغام میں گورنر خیبر پختونخوا نے کہا ہے کہ یوم عاشور ہمیں نواسۂ رسول صلی اللہ علیہ والہ وسلم، حضرت امام حسینؓ اور ان کے جانثار رفقاء کی عظیم قربانی کی یاد دلاتا ہے، میدانِ کربلا میں حضرت امام حسینؓ نے حق، صداقت، عدل اور دینِ اسلام کی سربلندی کے لیے اپنی اور اپنے اہلِ خانہ کی بے مثال قربانی پیش کرکے رہتی دنیا تک یہ پیغام دیا کہ باطل کے سامنے سر جھکانے کے بجائے حق پر ثابت قدم رہنا ہی حقیقی کامیابی ہے۔ آج کے دن ہمیں یہ عہد کرنا ہوگا کہ ہم اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگیوں میں حضرت امام حسینؓ کی تعلیمات کو مشعلِ راہ بنائیں گے اور اتحاد، اخوت، رواداری اور باہمی احترام کو فروغ دیں گے۔ گورنر نے اس موقع پر عوام سے بھی اپیل کی کہ امن، بھائی چارے اور مذہبی ہم آہنگی کے قیام کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔