اسلام آباد۔3مارچ (اے پی پی):وفاقی دارالحکومت میں 21 ویں رمضان المبارک سے عظیم الشان ’’قومی محفلِ شبینہ‘‘ کا آغاز ہو رہا ہے جس کے لیے وزارتِ مذہبی امور نے تمام تر تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔ وزارت مذہبی امور کے ترجمان عمر بٹ نے’’ اے پی پی ‘‘ سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ شاہ فیصل مسجد میں منعقد ہونے والی اس 7 روزہ محفل میں ملک بھر …
وزارتِ مذہبی امور کے زیرِ اہتمام 21 تا 27 رمضان ’’قومی محفلِ شبینہ‘‘ شاہ فیصل مسجد اسلام آباد میں منعقد ہوگی

مزید خبریں
اسلام آباد۔3مارچ (اے پی پی):وفاقی دارالحکومت میں 21 ویں رمضان المبارک سے عظیم الشان ’’قومی محفلِ شبینہ‘‘ کا آغاز ہو رہا ہے جس کے لیے وزارتِ مذہبی امور نے تمام تر تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔ وزارت مذہبی امور کے ترجمان عمر بٹ نے’’ اے پی پی ‘‘ سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ شاہ فیصل مسجد میں منعقد ہونے والی اس 7 روزہ محفل میں ملک بھر سے کڑے مقابلے کے بعد منتخب کیے گئے 14 بہترین قاری صاحبان تلاوتِ قرآن کی سعادت حاصل کریں گے۔
وفاقی وزیر سردار محمد یوسف اور وفاقی سیکرٹری ڈاکٹر ساجد محمود چوہان سمیت اہم شخصیات اس محفل میں شرکت کریں گی، جس میں روزانہ کی بنیاد پر چار پارے تلاوت کر کے رمضان کی مقدس ساعتوں میں قرآن کے فیض کو عام کیا جائے گا،27ویں رمضان کو تکمیل قرآن پاک پر خصوصی دعا ہوگی۔انہوں نے بتایا کہ اس محفلِ شبینہ کی خاص بات وہ 14 مایہ ناز قاری صاحبان ہیں جنہیں چاروں صوبوں بشمول آزاد جموں و کشمیر، گلگت بلتستان اور اسلام آباد سے نامزد درجنوں حفاظِ کرام کے مابین ایک کڑے مقابلے کے بعد منتخب کیا گیا ہے۔
معروف قراء پر مشتمل 4 رکنی ججز کے پینل نے نہایت عرق ریزی سے فنِ تجوید اور خوش الحانی کی بنیاد پر ان کا انتخاب مکمل کیا۔ یہ خوش نصیب قراء 27 رمضان تک ہر رات ترتیب وار چار پارے تلاوت کریں گے تاکہ مسجد میں موجود ہر شخص قرآن کی برکات سے فیضیاب ہو سکے۔یہ محفل محض ایک معمول کا اجتماع نہیں بلکہ تلاوتِ قرآن کے ذریعے اللہ کی رحمتیں سمیٹنے کا ایک سنہری موقع ہےجہاں زندگی کے ہر شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد شریک ہو کر اپنی عاقبت سنوارنے اور ایمانی جذبے کو جلا بخشنے کے لیے فیصل مسجد کا رخ کریں گے۔
اس دوران قرآن کا نور دلوں کو سکون اور روح کو تازگی بخشے گا۔وزارتِ مذہبی امور نے شاہ فیصل مسجد میں آنے والے ہزاروں عقیدت مندوں کے لیے تمام تر انتظامات کو حتمی شکل دے دی ہے تاکہ امن و امان اور مکمل یکسوئی کے ساتھ اس ایمانی سفر کو مکمل کیا جا سکے۔
پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے محفلِ شبینہ کے لیے فول پروف سکیورٹی پلان ترتیب دے دیا ہے، فیصل مسجد میں داخل ہونے والے تمام شرکاء کو جامع تلاشی اور چیکنگ کے سخت عمل سے گزرنا پڑے گا تاکہ محفل کے تقدس اور شرکاء کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔








