وزارت قانون وانصاف کااقدام، انسدادِ زیادتی ایکٹ 2021 ( اینٹی ریپ ایکٹ ) کے تحت پیش رفت کی نگرانی کیلئے جامع ڈیجیٹل ڈیش بورڈ کا اجرا

اسلام آباد ۔14اکتوبر (اے پی پی):وزارتِ قانون و انصاف نے انسدادِ زیادتی ایکٹ 2021 ( اینٹی ریپ ایکٹ ) کے تحت پیش رفت کی نگرانی کے لیے جامع ڈیجیٹل ڈیش بورڈ اجرا کر دیا ہے۔وزارت قانون و انصاف کے ترجمان کے مطابق یہ اقدام شفافیت، احتساب اور ڈیٹا پر مبنی پالیسی سازی کو فروغ دینے کے لیے ایک سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہےجس سے پاکستان کے نظامِ انصاف کو …

اسلام آباد ۔14اکتوبر (اے پی پی):وزارتِ قانون و انصاف نے انسدادِ زیادتی ایکٹ 2021 ( اینٹی ریپ ایکٹ ) کے تحت پیش رفت کی نگرانی کے لیے جامع ڈیجیٹل ڈیش بورڈ اجرا کر دیا ہے۔وزارت قانون و انصاف کے ترجمان کے مطابق یہ اقدام شفافیت، احتساب اور ڈیٹا پر مبنی پالیسی سازی کو فروغ دینے کے لیے ایک سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہےجس سے پاکستان کے نظامِ انصاف کو جدید خطوط پر استوار کرنے میں مدد ملے گی۔یہ ڈیش بورڈ انسدادِ زیادتی (تحقیق و ٹرائل) ایکٹ 2021 کے فریم ورک کے تحت تیار کیا گیا ہے جس کا مقصد جنسی اور صنفی بنیاد پر تشدد کے خلاف مؤثر ادارہ جاتی ردِعمل کو مضبوط بنانا ہے۔

اس پلیٹ فارم پر ملک بھر کے مختلف اداروں سے حاصل کردہ قومی سطح کے اعداد و شمار کو یکجا کیا گیا ہے جن میں انسدادِ زیادتی کرائسز سیلز، خصوصی پراسیکیوٹرز، خصوصی عدالتیں، خصوصی جنسی جرائم کی تفتیشی یونٹس اور جنسی مجرموں کا رجسٹر (Sex Offenders Register) شامل ہیں۔وزارت کے مطابق یہ ڈیش بورڈ اداروں کی کارکردگی اور بین الادارہ جاتی روابط سے متعلق جامع معلومات فراہم کرتا ہے، جس سے پالیسی سازوں، اصلاحاتی کمیٹیوں اور عوام کو ایک ہی پلیٹ فارم پر عملدرآمد اور نتائج کی نگرانی میں سہولت ملے گی۔

بیان کے مطابق یہ منصوبہ ڈیجیٹل گورننس اور شفافیت کے ذریعے نظامِ انصاف کی بہتری کی سمت ایک اہم قدم ہے۔ اس سے وزارت اور اس کے شراکت دار اداروں کو نظام میں خامیوں کی نشاندہی، تفتیش اور ٹرائل کے مراحل میں ربط کی بہتری اور متاثرین کے لیے خدمات کے معیار میں اضافہ کرنے میں مدد ملے گی۔وزارتِ قانون و انصاف نے کہا کہ یہ اقدام حکومت کے اس عزم کی عکاسی کرتا ہے کہ وہ قانون کی حکمرانی، شفافیت اور ڈیٹا پر مبنی اصلاحات کے ذریعے انصاف کی فراہمی کو مزید مؤثر اور جدید بنائے گی۔