وزارت قانون و انصاف وکلاء برادری کی فلاح و بہبود کیلئے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی، وزیر مملکت برائے قانون و انصاف

اسلام آباد۔15اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر مملکت برائے قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک سے بلوچستان کی مختلف بار ایسوسی ایشنز کے نمائندہ وفد نے ملاقات کی۔ ترجمان وزارت قانون و انصاف کے مطابق وفد میں مکران ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن، گوادر، پنجگور اور کیچ بار ایسوسی ایشنز کے نمائندے شامل تھے۔ ملاقات کے دوران وکلاء برادری کو درپیش مسائل، بار ایسوسی ایشنز کی ضروریات اور پیشہ ورانہ سہولیات …

اسلام آباد۔15اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر مملکت برائے قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک سے بلوچستان کی مختلف بار ایسوسی ایشنز کے نمائندہ وفد نے ملاقات کی۔ ترجمان وزارت قانون و انصاف کے مطابق وفد میں مکران ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن، گوادر، پنجگور اور کیچ بار ایسوسی ایشنز کے نمائندے شامل تھے۔

ملاقات کے دوران وکلاء برادری کو درپیش مسائل، بار ایسوسی ایشنز کی ضروریات اور پیشہ ورانہ سہولیات کی فراہمی سے متعلق تفصیلی گفتگو ہوئی۔ وفد نے لاء لائبریری کے قیام اور خواتین وکلاء کے لیے مخصوص بار روم کی تعمیر جیسے اہم مطالبات پیش کیے۔

بیرسٹر عقیل ملک نے وفد کو یقین دلایا کہ وزارت قانون و انصاف وکلاء برادری کی فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ بار ایسوسی ایشنز عدالتی نظام کا اہم ستون ہیں اور حکومت ان کے مسائل کے حل کو اپنی ترجیحات میں شامل رکھتی ہے۔

ملاقات میں لیگل ایڈ سے متعلق جاری منصوبوں اور وکلاء کی پیشہ ورانہ استعداد کار میں اضافے کے لیے اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔وفد نے وفاقی وزیر مملکت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے وکلاء کے مسائل کے حل اور تعاون کے تسلسل پر وزارت قانون کی کاوشوں کو سراہا۔