وزارت مذہبی امور کا پرائیویٹ حج سکیم کے تحت عازمین حج کی جانب سے موصول ہونے والی شکایات کا نوٹس
وزارت مذہبی امور کا پرائیویٹ حج سکیم کے تحت عازمین حج کی جانب سے موصول ہونے والی شکایات کا نوٹس

مزید خبریں
اسلام آباد۔21ستمبر (اے پی پی):وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی نے پرائیویٹ حج سکیم کے تحت عازمین حج کی جانب سے موصول ہونے والی ان شکایات کا نوٹس لے لیا ہے جن میں بعض عازمین نے بتایا ہے کہ حج پورٹل پر متعلقہ ٹور آپریٹر کی نشستیں دستیاب ظاہر ہونے کے باوجود رابطہ کرنے پر انہیں کوٹہ مکمل ہونے کا بتایا جا رہا ہے۔ وزارت کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اگر کسی عازم حج کو ایسی صورتحال کا سامنا ہو تو وہ اس کی باقاعدہ شکایت وزارت کو درج کرا سکتا ہے۔ عازمین حج پاک حج ایپ کے ’’انکوائری‘‘ آپشن کے ذریعے اپنی شکایت درج کرائیں یا سیکشن آفیسر مانیٹرنگ وزارتِ ہذا کو آفیشل ای میل [email protected] کے ذریعے شکایت ارسال کریں۔
وزارت کی جانب سے موصول ہونے والی ایسی شکایات کا جائزہ لیا جائے گا اور حج پورٹل پر ظاہر ہونے والے دستیاب کوٹے اور متعلقہ ٹور آپریٹر کی جانب سے فراہم کردہ معلومات میں فرق کی صورت میں معاملے کی جانچ پڑتال کی جائے گی اور ایسی شکایات کو کمپنی سے متعلق مانیٹرنگ رپورٹ کا حصہ بنایا جائے گا ۔
وزارت مذہبی امور نے پرائیویٹ عازمین حج کو ہدایت کی ہے کہ کسی بھی ایسے معاملے میں خاموش رہنے کی بجائے متعلقہ تفصیلات، ٹور آپریٹر کا نام ، دستیاب معلومات اور ثبوتوں کے ساتھ وزارت کے شعبہ مانیٹرنگ کو آگاہ کریں تاکہ شکایت کا بروقت ازالہ کیا جا سکے ۔وزارت نے مزید کہا ہے کہ پرائیویٹ حج سکیم میں عازمین حج کے مفادات کا تحفظ اور بکنگ کے عمل میں شفافیت کو یقینی بنانا اس کی ترجیحات میں شامل ہے۔








