اسلام آباد ۔ 21 اگست (اے پی پی) اسلام آباد میں بوٹینیکل گارڈن کی زمین پر نجی ہائوسنگ سوسائٹی کے اہلکاروں کی جانب سے مبینہ طور پرقبضے کی کوشش پر وزارت موسمیاتی تبدیلی نے پولیس اور ضلعی انتظامیہ کو آگاہ کردیا۔ معاملے کی انکوائری کیلئے تحقیقاتی کمیٹی بھی تشکیل دے دی گئی ہے۔ وزارت موسمیاتی تبدیلی کے ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ آف پاکستان کے احکامات کی روشنی میں واگذار …
وزارت موسمیاتی تبدیلی نے پولیس اور ضلعی انتظامیہ کو آگاہ کردیا
اسلام آباد ۔ 21 اگست (اے پی پی) اسلام آباد میں بوٹینیکل گارڈن کی زمین پر نجی ہائوسنگ سوسائٹی کے اہلکاروں کی جانب سے مبینہ طور پرقبضے کی کوشش پر وزارت موسمیاتی تبدیلی نے پولیس اور ضلعی انتظامیہ کو آگاہ کردیا۔ معاملے کی انکوائری کیلئے تحقیقاتی کمیٹی بھی تشکیل دے دی گئی ہے۔ وزارت موسمیاتی تبدیلی کے ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ آف پاکستان کے احکامات کی روشنی میں واگذار کروائی گئی سرکاری زمین پر پرائیویٹ سوسائٹی نے ایک مرتبہ پھر سے قبضہ کرنے کی کوشش شروع کر دی ۔ 2017 ء میں سپریم کورٹ آف پاکستان نے بنی گالا میں بوٹینیکل گارڈن اور چڑیاگھر کی زمیں واگذار کروانے کے حوالے سے حکومت پاکستان کو احکامات جاری کئے تھے۔ زمین پر پرائیویٹ ہاؤسنگ سوسائٹی نے غیر قانونی قبضہ کر رکھا تھا۔ سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں قبضہ واگذار کروایا گیا اور زمین کو متعلقہ اداروں کے سپرد کیا گیا۔ گزشتہ روز ایک مرتبہ پھر پرائیویٹ ہاؤسنگ سوسائٹی نے سرکاری زمین پر تعمیر دیوار کو گرا کر قبضہ کی کوشش کی۔ سوسائٹی کی جانب سے سی ڈی اے کی زمین پر غیر قانونی سڑک کی تعمیر بھی شروع کر دی گئی۔ دریں اثناء سوسائٹی کی جانب سے بوٹینیکل گارڈن اور چڑیاگھر کے ملازمین کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دی گئیں اور انہیں زدو کوب کیا گیا۔ بوٹینیکل گارڈن کی زمین پر موجود چوکیوں کو قبضہ مافیا کے کارندوں نے گرا دیا۔ وزارت موسمیاتی تبدیلی نے معاملے پر پولیس اور ضلعی انتظامیہ کو آگاہ کردیا ہے۔ معاملے کی انکوائری کیلئے تحقیقاتی کمیٹی بھی تشکیل دے دی گئی ہے۔ 725 ایکٹر پر محیط بوٹینیکل گارڈن کی زمین پر تجاوزات اور قبضے کی کوشش پر سپریم کورٹ نے بھی نوٹس لے رکھا ہے۔









