وزیراعظم شہباز شریف اور اردن کے فرمانروا شاہ عبداللہ دوم کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ، مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال

اسلام آباد۔19مارچ (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف اور اردن کے فرمانروا شاہ عبداللہ دوم نے مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ہے جبکہ وزیراعظم نے اردن پر حملوں کی سخت مذمت کرتے ہوئے اردن کے عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔جمعرات کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اردن کے فرمانروا شاہ عبداللہ دوم …

اسلام آباد۔19مارچ (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف اور اردن کے فرمانروا شاہ عبداللہ دوم نے مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ہے جبکہ وزیراعظم نے اردن پر حملوں کی سخت مذمت کرتے ہوئے اردن کے عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔جمعرات کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اردن کے فرمانروا شاہ عبداللہ دوم سے ٹیلیفون پر گفتگو کے دوران شاہ عبداللہ دوم، شاہی خاندان اور اردن کے برادر عوام کو عیدالفطر کی مبارکباد دی۔شاہ عبداللہ دوم نے بھی اسی جذبے کے ساتھ نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔ دونوں رہنمائوں نے امت مسلمہ میں امن، اتحاد اور ہم آہنگی کی ضرورت پر زور دیا۔

دونوں رہنمائوں نے مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم نے خطے میں جاری کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ علاقائی تنائو کے دوران اردن پر حملوں کی سخت مذمت کرتے ہوئے وزیراعظم نے اردن کے عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔ انہوں نے تحمل، کشیدگی میں کمی اور مسائل کے سفارتی حل کی ضرورت پر زور دیا۔ وزیراعظم نے گزشتہ نومبر میں شاہ عبداللہ دوم کے دورہ پاکستان کو خوشگوار انداز میں یاد کیا۔ انہوں نے تجارت، سرمایہ کاری اور دفاع سمیت باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں اردن کے ساتھ قریبی اور برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔دونوں رہنمائوں نے دوطرفہ اور علاقائی امور پر قریبی رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔