وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی سفارتی کاوشیں قابلِ تحسین ہیں،ملک محمد احمد خاں

سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں نے کہا ہے کہ امریکی جنگ بندی اقدام خطے میں امن کی جانب بہت اہم پیش رفت ہے، وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی سفارتی کاوشیں قابلِ تحسین ہیں، دعا ہے کہ جنگ کے بجائے مذاکرات اور سفارتکاری کو فروغ ملے۔

لاہور۔22اپریل (اے پی پی):سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں نے کہا ہے کہ امریکی جنگ بندی اقدام خطے میں امن کی جانب بہت اہم پیش رفت ہے، وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی سفارتی کاوشیں قابلِ تحسین ہیں، دعا ہے کہ جنگ کے بجائے مذاکرات اور سفارتکاری کو فروغ ملے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی کم کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے، دونوں فریقین کے درمیان اعتماد سازی کیلئے پاکستان کی پوزیشن نہایت اہم ہے، ابھی ایران کا امریکہ پر عدم اعتماد برقرار ہے، تنازعہ دیرینہ اور پیچیدہ ہے، سخت موقف رکھنے والے ممالک کو قریب لانا بڑی سفارتی مہارت ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سپیکر ملک محمد احمد خاں کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف کا کردار تاریخ میں نمایاں حیثیت اختیار کرے گا، پیچیدہ مراحل کے باوجود جنگ بندی میں توسیع کا حصول بڑی کامیابی ہے، ملک کے اندر بھی سیاسی قوتوں کو مکالمہ اور مفاہمت کی طرف آنے کے لئے فریقین کا آمادہ ہونا ضروری ہے۔

سپیکر ملک محمد احمد خاں نے مزید کہا کہ چارٹر آف اکانومی پر اتفاق وقت کی اہم ضرورت ہے،قومی مسائل کے حل کیلئے سیاسی جماعتوں کے درمیان مذاکرات ناگزیر ہیں، ماضی میں بھی مکالمے کی حمایت کی جاتی رہی ہے، عالمی نظام تیزی سے تبدیل ہو رہا ہے، مستقبل کے بارے میں پیشگوئی مشکل ہے۔

آخر میں سپیکر ملک محمد احمد خاں نے کہا کہ امریکہ طویل عرصے سے عالمی سطح پر غالب طاقت رہا ہے، ایران تنازع میں عالمی طاقتوں کی حدود واضح ہونا شروع ہو گئی ہیں، بدلتی عالمی صورتحال میں کسی حتمی نتیجے پر پہنچنا قبل از وقت ہوگا۔