وزیراعظم شہباز شریف تعلیم، ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل شمولیت کے ذریعے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے وژن پر عمل پیرا ہیں، لیپ ٹاپ سکیم اسی وژن کی عکاس ہے، وفاقی وزیرانجینئر امیر مقام

راولاکوٹ۔17فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے امور کشمیرو گلگت بلتستان ، سیفران اور صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف تعلیم، ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل شمولیت کے ذریعے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے وژن پر عمل پیرا ہیں اور لیپ ٹاپ سکیم اسی وژن کی عکاس ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ پونچھ راولاکوٹ میں وزیراعظم یوتھ لیپ …

راولاکوٹ۔17فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے امور کشمیرو گلگت بلتستان ، سیفران اور صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف تعلیم، ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل شمولیت کے ذریعے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے وژن پر عمل پیرا ہیں اور لیپ ٹاپ سکیم اسی وژن کی عکاس ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ پونچھ راولاکوٹ میں وزیراعظم یوتھ لیپ ٹاپ سکیم فیز 4 کے تحت طلبہ میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔وفاقی وزیر نے طلبہ و طالبات میں 446 لیپ ٹاپ تقسیم کئے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پروگرام مکمل طور پر میرٹ پر مبنی ہے اور اس میں کسی سفارش کی گنجائش نہیں۔

انہوں نے بتایا کہ یہ سکیم 2011 میں شروع ہوئی، بعد ازاں اسے ملک بھر تک توسیع دی گئی اور اب وزیراعظم شہباز شریف نے اسے دوبارہ بھرپور انداز میں بحال کیا ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستانی و کشمیری نوجوان بے پناہ صلاحیتوں کے مالک ہیں اور بروقت مواقع ملنے پر ملک و قوم کا نام روشن کر سکتے ہیں۔ انہوں نے قومی سلامتی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مشکل حالات میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی پیشہ وارانہ قیادت اور وزیراعظم کے بروقت فیصلوں نے ملک میں اعتماد کی فضا کو مضبوط کیا اور پاکستان کے وقار میں اضافہ ہوا۔انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے لیے اپنے دوٹوک مؤقف پر قائم ہے اور کشمیریوں کی ہر محاذ پر حمایت جاری رکھے ہوئے ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر خون کے آخری قطرے تک بھی لڑنا پڑا تو لڑیں گے اور معرکۂ حق کے بعد دنیا مسئلہ کشمیر کی اہمیت کو دوبارہ تسلیم کر رہی ہے،کشمیریوں پر فخر ہے وہ کشمیر اور پاکستان کے محافظ ہیں ،یہ شہیدوں اور غازیوں کی سرزمین ہے ،یہاں کے نوجوان دنیا بھر میں پاکستان کی نمائندگی کر رہے ہیں ۔مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گزشتہ سات دہائیوں سے کشمیری عوام پر ظلم جاری ہے، لاکھوں کشمیری شہید و زخمی ہو چکے ہیں اور کشمیری اپنے شہداء کو پاکستانی پرچم میں دفن کرتے ہیں جو دنیا کے لیے ایک مثال ہے۔

انہوں نے کہا کہ لائن آف کنٹرول پر کشیدگی کے دوران وہ کشمیری عوام کے ساتھ کھڑے رہے اور معرکۂ حق کے بعد مسئلہ کشمیر دنیا میں ایک فلیش پوائنٹ بن چکا ہے،دنیا میں جہاں بھی جاتے ہیں آپریشن بنیان مرصوص اور معرکہ حق کے چرچے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر کے تمام شہریوں کے لیے صحت کارڈ سہولت کا آغاز کر دیا گیا ہے تاکہ ہر خاندان کو معیاری طبی سہولیات میسر آ سکیں۔

تعلیم کے میدان میں پیش رفت کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں دانش یونیورسٹی بنے گی جبکہ پانچ دانش سکول قائم کیے جائیں گے جن میں سے کچھ پر کام بھی جاری ہے جس سے طلبہ وطالبات کو عالمی معیار کی تعلیم فراہم کی جا سکے گی۔اس موقع پر رجسٹرار جامعہ پونچھ پروفیسر ڈاکٹر امتیاز احمد نے بھی تقریب سے خطاب کیا اور جامعہ کی کارکردگی پر روشنی ڈالی۔

اس موقع پر سابق وزراء حکومت آزاد کشمیر ڈاکٹر محمد نجیب نقی خان، سحرش قمر ،مسلم لیگ ن کے رہنما حاجی رشید ، سردار اعجاز یوسف بھی وفاقی وزیرکے ہمراہ تھے۔قبل ازیں وفاقی وزیر کی جامعہ آمد پر ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ فیکلٹی ممبران اور انتظامی افسران نے مہمان خصوصی کا خیرمقدم کیا جبکہ انہوں نے یونیورسٹی لان میں یادگاری پودا بھی لگایا۔