اسلام آباد۔15فروری (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف آسٹریا کے چانسلر کرسچیئن اسٹاکر کی دعوت پر 15 تا 16 فروری 2026 ویانا، آسٹریا کے سرکاری دورے پر ہیں، ان کا یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کے 70 برس مکمل ہونے کی مناسبت سے ہے۔ اتوار کو دفتر خارجہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیرِاعظم کے ہمراہ اعلیٰ سطح وفد میں نائب وزیرِاعظم و …
وزیراعظم شہباز شریف دورہ آسٹریا کے دوران اپنے آسٹرین ہم منصب کے ساتھ دوطرفہ مذاکرات میں شرکت کریں گے ، دفتر خارجہ
اسلام آباد۔15فروری (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف آسٹریا کے چانسلر کرسچیئن اسٹاکر کی دعوت پر 15 تا 16 فروری 2026 ویانا، آسٹریا کے سرکاری دورے پر ہیں، ان کا یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کے 70 برس مکمل ہونے کی مناسبت سے ہے۔
اتوار کو دفتر خارجہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیرِاعظم کے ہمراہ اعلیٰ سطح وفد میں نائب وزیرِاعظم و وزیرِخارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وزیرِاطلاعات عطاء اللہ تارڑ ، وزیرِاعظم کے معاونِ خصوصی سید طارق فاطمی اور سیکرٹری خارجہ سفیر آمنہ بلوچ شامل ہیں۔
دورے کے دوران وزیراعظم اپنے آسٹرین ہم منصب کے ساتھ دوطرفہ مذاکرات کریں گے جس میں دونوں رہنما پاک آسٹریا تعلقات کے تمام پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیں گے۔ وزیرِاعظم پاکستان-آسٹریا بزنس فورم کے اجلاس کی صدارت بھی کریں گے، جس کا انعقاد آسٹرین اکنامک چیمبر کر رہی ہے۔ وہ ویانا میں قائم کثیرالجہتی تنظیموں کا بھی دورہ کریں گے۔
پاکستان اور آسٹریا کے درمیان خوشگوار اور دوستانہ تعلقات قائم ہیں، جو مکالمے، تعاون، اقوامِ متحدہ کے منشور کے اصولوں پر مبنی عالمی نظام، کثیرالجہتی نظام اور بین الاقوامی قانون کے احترام جیسی مشترکہ اقدار پر استوار ہیں۔ وزیرِاعظم شہباز شریف کا یہ دورہ ویانا تین دہائیوں سے زائد عرصے میں کسی پاکستانی وزیراعظم کا پہلا دورہ ہے، اس سے قبل 1992 میں اس وقت کے وزیراعظم نواز شریف نے آسٹریا کا دورہ کیا تھا۔









