وزیراعظم شہباز شریف سے پاکستان میں آسٹریلیا کے نو تعینات ہائی کمشنر نیل ہاکنز کی ملاقات

اسلام آباد۔18اگست (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف سے پاکستان میں آسٹریلیا کے نو تعینات ہائی کمشنر نیل ہاکنز نے ملاقات کی۔اس موقع پروزیراعظم نے گزشتہ برسوں کے دوران دوطرفہ تعلقات میں حاصل ہونے والی مستحکم پیش رفت کو سراہا اور تجارت اور سرمایہ کاری، زراعت سمیت گندم کی پیداوار، مویشیوں سمیت لائیو سٹاک، تعلیمی اور تکنیکی تعاون، براہ راست مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید بڑھانے کے لیے پاکستان کی مصمم خواہش اور عزم کا اعادہ کیا۔

آسٹریلوی ہائی کمشنر نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار کیا اور افغانستان سے اپنے شہریوں اور دیگر افراد کے محفوظ انخلاء میں پاکستان کے بطورسہولت کار کردار پر تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔وزیر اعظم نے اس تعاون پر روشنی ڈالی جو پاکستان نے افغانستان کی صورتحال کے تناظر میں خاص طور پر گزشتہ سال اگست سے عالمی برادری کے ساتھ جاری رکھا۔وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان بھارت کے ساتھ برابری، انصاف اور باہمی احترام کے اصولوں پر مبنی پرامن تعلقات کا خواہاں ہے۔

اس تناظر میں جموں و کشمیر کے تنازعہ کا اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق منصفانہ اور پرامن حل ناگزیر ہے۔ وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ عالمی برادری کو اس سلسلے میں سہولت کار کا کردار ادا کرنا ہوگا کیونکہ یہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن اور استحکام کے لیے ضروری ہے۔آسٹریلوی ہائی کمشنرنے وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا اور آسٹریلیا اور پاکستان کے درمیان موجودہ تعلقات کو مزید بڑھانے اور متنوع بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔