وزیراعظم شہباز شریف سے چین کی کمیونسٹ پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے پولٹ بیورو کے رکن اور سی پی سی کے خارجہ امور کمیشن کے ڈائریکٹر یانگ جیچی ملاقات کریں گے

اسلام آباد۔29جون (اے پی پی):چین کی کمیونسٹ پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے پولٹ بیورو کے رکن اور سی پی سی کے خارجہ امور کمیشن کے ڈائریکٹر یانگ جیچی وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کریں گے اور دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔

وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق یانگ جیچی پاکستان کے دو روزہ دورے پر ہیں، کووڈ وبا کے بعد چین سے کسی بھی اعلی سطح کی حکومتی شخصیت کا پاکستان کا یہ پہلا دورہ ہے۔ مرکزی کمیشن برائے خارجہ امور کے ڈائریکٹر کی حیثیت سے یانگ جیچی کا چین کے خارجہ تعلقات میں نمایاں کردار ہے۔

وہ اس سے قبل 2007 سے 2013 تک چین کے وزیر خارجہ اور 2013 سے 2017 تک اسٹیٹ قونصلر رہ چکے ہیں۔ ان کا یہ دورہ پاکستان اور چین کے درمیان باقاعدہ اعلی سطحی تبادلوں کا حصہ ہے۔ 16 مئی 2022 کو وزیر اعظم لی کے ساتھ وزیر اعظم محمد شہباز شریف کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ بھی ہوا تھا جس میں دو طرفہ امور پر بات چیت کی گئی تھی، دونوں ملکوں کے مابین تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا تھا۔

ڈائریکٹر یانگ کا دورہ پاکستان اور چین کے مابین ”آل ویدر اسٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ” کو مزید گہرا کرنے، ایک دوسرے کے بنیادی مفادات کے معاملات پر باہمی تعاون کی توثیق، اقتصادی روابط کو بڑھانے، دونوں کی بہتری کے لیے دو طرفہ تعاون کی نئی راہیں تلاش کرنے کی اہمیت کی عکاسی کرتا ہے۔