وزیراعظم شہباز شریف کا سیلاب سے متاثر صحبت پور میں دو ماہ میں جدید ماڈل سکول کے قیام کا اعلان

صحبت پور۔14ستمبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بلوچستان کے سیلاب سے متاثرہ علاقے صحبت پور میں دو ماہ میں جدید ماڈل سکول کے قیام کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سکول میں زیر تعلیم طلبہ و طالبات کوتمام جدید سہولیات دستیاب ہوں گی، انہیں ٹیبلٹ دیئے جائیں گے ، اس کا تمام خرچہ وفاقی حکومت برداشت کرے گی، یہ بچے ہمارا فخر بنیں گے۔ بدھ کو سیلاب سے متاثرہ علاقے صحبت پور کے دورہ کے موقع پروزیراعظم شہباز شریف کیمپ میں قائم سکول کے بچوں میں گھل مل گئے، وزیراعظم نے بچوں سے قومی ترانہ بھی سنا جبکہ بچوں نے نظم بھی سنائی۔

وزیراعظم نے بچوں کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ وہ محنت سے تعلیم حاصل کریں ، پانی اترنے کے بعد انہیں جلد اپنے گھروں میں آباد کیا جائے گا، ان کے والدین کی فصلوں کو پہنچنے والے نقصان کا معاوضہ دیں گے، متاثرہ خاندانوں کو 25ہزار روپے فی خاندان نقد ی فراہم کی ہے، متاثرہ علاقوں میں اچھے سکول اور ہسپتال بنائیں گے، متاثرین کو اکیلے نہیں چھوڑیں گے، وفاقی اور صوبائی حکومتیں تمام اداروں کے ساتھ مل کر بھرپورمدد کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ علاقوں سے پانی نکالنے کےلئے حکام کو خصوصی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بیٹیاں ہمارامستقبل ہیں، وہ بڑی ہوکر قوم کا فخر بنیں گی۔

وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ان بچوں کےلئے ایک جدید ماڈل سکول بنایا جائے جس کے تمام اخراجات وفاقی حکومت اٹھائے گی۔ اس سکول کےلئے بہترین اساتذہ کی خدمات لی جائیں گی، یہاں زیر تعلیم بچوں کو کتابیں اور یونیفارم مفت فراہم کئے جائیں گے جبکہ انہیں ٹیبلٹ بھی فراہم کئے جائیں گے۔ اس موقع پروزیراعظم محمد شہباز شریف نے متاثرین کےلئے قائم کیمپ میں طبی سہولیات کا جائزہ بھی لیا،میڈیکل کیمپ میں موجود پیرا میڈیکل سٹاف نے وزیر اعظم کو طبی سہولیا ت سے متعلق آگاہ کیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے سیلاب متاثرین سے ملاقات کی اور مسائل دریافت کئے۔وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ان علاقوں میں انٹرنیٹ کی سہولت بحال ہونے پر آئندہ 24 گھنٹوں میں تمام متاثرین کو25ہزار روپے فی خاندان نقد رقم ادا کی جائے