وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان اور کینیڈا کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، زراعت، ایگری فوڈز اور ویکسین کی تیاری، قابل تجدید توانائی، آٹو موبیل اور آٹو پارٹس کی صنعت سمیت مختلف شعبوں میں تعلقات کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کا پاکستان اور کینیڈا کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، زراعت، ایگری فوڈز اور ویکسین کی تیاری سمیت مختلف شعبوں میں تعلقات کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ

مزید خبریں
اسلام آباد۔20جولائی (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان اور کینیڈا کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، زراعت، ایگری فوڈز اور ویکسین کی تیاری، قابل تجدید توانائی، آٹو موبیل اور آٹو پارٹس کی صنعت سمیت مختلف شعبوں میں تعلقات کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ پیر کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق کینیڈا کی وزیر خارجہ انیتا آنند نے وزیر اعظم ہائوس میں وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات کی۔ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین، وزیراعظم کے مشیر ڈاکٹر سید توقیر شاہ اور دیگر اعلیٰ سرکاری حکام بھی موجود تھے۔

خوشگوار ماحول میں ہونے والی اس ملاقات کے دوران وزیراعظم نے کینیڈین وزیر خارجہ کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہا اور اس بات کا اعادہ کیا کہ دونوں ممالک کے مابین دوستانہ تعلقات قائم ہیں جنہیں خاص طور پر تجارت، سرمایہ کاری، زراعت بشمول ایگری فوڈز اور ویکسین کی تیاری، قابل تجدید توانائی، آٹو موبائل اور آٹو پارٹس کی صنعت کے شعبوں میں مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے۔وزیراعظم نے کینیڈا کے وزیراعظم مارک کارنی کے لیے اپنی نیک خواہشات کا پیغام دیا اور کہا کہ وہ ان سے جلد ملاقات کے منتظر ہیں۔ انہوں نے اپریل میں کینیڈین ہم منصب کے ساتھ ہونے والی ٹیلی فونک گفتگو کا ذکر کیا اور خطے میں امن کی کوششوں کے لیے پاکستان کی حمایت کرنے پر کینیڈا کا شکریہ ادا کیا۔کینیڈا کی وزیر خارجہ انیتا آنند نے اسلام آباد میں اپنے اور اپنے وفد کے پرتپاک استقبال پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف کے لیے کینیڈین وزیراعظم مارک کارنی کا خیرسگالی کا پیغام پہنچایا اور بتایا کہ ان کا یہ دورہ اپنے وزیراعظم کی ہدایت پر پاکستان کے ساتھ تعلقات کو وسعت دینے کے لیے ہے۔دو طرفہ تعلقات کے حوالے سے کینیڈین وزیر خارجہ نے زراعت، معدنیات، توانائی کے علاوہ آٹو اور آٹو پارٹس کی صنعت کے شعبوں میں تجارت اور تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے کی اپنی حکومت کی دلی خواہش کا اظہار کیا ۔اس سلسلے میں انہوں نے کہا کہ غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ و تحفظ کا معاہدہ پاکستان میں کینیڈا کے سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھانے اور سرمایہ کاری میں اضافے کے لیے اہم ثابت ہوگا۔

دونوں رہنمائوں نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ کینیڈا میں مقیم پاکستانی برادری دونوں ممالک کے درمیان ایک مضبوط پل کا کردار ادا کر رہی ہے۔دونوں رہنمائوں نے تجارت اور معدنیات کے شعبوں میں وفود کے تبادلے پر بھی اتفاق کیا تاکہ باہمی فائدے کے مواقع تلاش کیے جا سکیں اور دوطرفہ تجارت و سرمایہ کاری کے امکانات کو مزید فروغ دیا جا سکے۔ملاقات کے بعد وزیراعظم نے کینیڈا سے پاکستان کو کینولا کی درآمد کے حوالے سے فائٹو سینیٹری ضوابط کے پروٹوکول پر دستخط کی تقریب کا مشاہدہ کیا۔ اس پروٹوکول پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور کینیڈا کی وزیر خارجہ انیتا آنند نے اپنے اپنے ممالک کی نمائندگی کرتے ہوئے دستخط کیے۔







