وزیراعظم عمران خان آئندہ عام انتخابات سے قبل الیکٹرانک ووٹنگ اور سینیٹ انتخابات میں اوپن ووٹنگ کے حق میں ہیں،، وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا نجی ٹی وی کو انٹرویو

اسلام آباد۔16نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان آئندہ عام انتخابات سے قبل الیکٹرانک ووٹنگ اور سینیٹ انتخابات میں اوپن ووٹنگ کے حق میں ہیں، اس سے سینٹ انتخابات میں ہارس ٹریڈنگ ختم ہوگی، تحریک انصاف گلگت بلتستان میں سادہ اکثریت سے حکومت بنائے گی، ملک میں کورونا کی صورتحال مزید خراب ہوتی نظر آ رہی ہے اس حوالے سے سخت …

اسلام آباد۔16نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان آئندہ عام انتخابات سے قبل الیکٹرانک ووٹنگ اور سینیٹ انتخابات میں اوپن ووٹنگ کے حق میں ہیں، اس سے سینٹ انتخابات میں ہارس ٹریڈنگ ختم ہوگی، تحریک انصاف گلگت بلتستان میں سادہ اکثریت سے حکومت بنائے گی، ملک میں کورونا کی صورتحال مزید خراب ہوتی نظر آ رہی ہے اس حوالے سے سخت اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے، پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) بالآخر مذاکرات کی میز پر آئے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں پیر کے روز نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کیا۔ شیخ رشید نے کہا کہ گلگت بلتستان کے الیکشن کے حوالے سے تمام جماعتوں نے اچھے انداز میں مہم چلائی۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے درمیان نواز شریف کے بیانیہ کے حوالے سے اختلاف ہے، پی ڈی ایم بلآخر مذاکرات کا راستہ اختیار کرے گی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ نواز شریف کے بیانیہ پر (ن) لیگ کے اندر مخالفت ہے، نواز شریف کی سیاست ختم ہو رہی ہے، مسلم لیگ (ن) ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو چکی ہے اور (ن) لیگ کے 10 سے 15 ارکان پارٹی سے الگ ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو وطن واپس آ کر اپنے خلاف مقدمات کا سامنا کرنا چاہیے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سول اور عسکری قیادت قومی سلامتی کے معاملات کے حوالے سے ایک پیج پر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز نے گلگت بلتستان کی الیکشن مہم میں نواز شریف کا بیانیہ نہیں چلایا، عوام کی اکثریت پاک فوج کے خلاف بات سننے کو تیار نہیں ہے، نواز شریف اور مریم نواز کی منفی سیاست سے وزیراعظم عمران خان مضبوط ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں کورونا کی صورتحال مزید خراب ہوتی نظر آ رہی ہے، وزیراعظم عمران خان تین سے چار دن کے دوران کورونا کے خلاف سخت اقدامات کا فیصلہ کر سکتے ہیں۔ بھارت کے ساتھ تعلقات کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں شیخ رشید نے کہا کہ بھارت کے ساتھ تعلقات کے حوالے سے صورتحال کشیدہ ہے، بھارت نے سرحدوں پر چھیڑا تو اس کو ایک گولے کا جواب چار گولوں سے ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان پی ٹی آئی میں واحد سپریم لیڈر ہیں اور تمام پارٹی رہنما ان کی قیادت میں متحد ہیں، اس لئے پی ٹی آئی کے اندر کوئی گروپ بندی نہیں ہوگی، حکومت اپنی پانچ سالہ آئینی مدت پوری کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کسی کے دبائو میں نہیں آتے، وہ کسی صورت میں احتساب کے معاملے پر سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں پنجاب میں پی ٹی آئی اور (ن) لیگ کے درمیان میدان سجے گا، نواز شریف مریم نواز کو الیکشن لڑانے کے خواہش مند ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مہنگائی ابھی قابو میں نہیں ہے لیکن مہنگائی کے حوالے سے صورتحال بہتر ہو رہی ہے اور 30 دسمبر تک مہنگائی کی صورتحال میں مزید بہتری آئے گی۔ سینٹ الیکشن کے حوالے سے شیخ رشید نے کہا کہ سینٹ الیکشن میں پی ٹی آئی اکثریت حاصل کرنے میں کامیاب ہوجائےگی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اپنی ٹیم میں تبدیلی کا اختیار رکھتے ہیں۔