وزیراعظم عمران خان نے الیکٹرونک ووٹنگ سسٹم متعارف کرانے کا زبردست فیصلہ کیا ،معاون خصوصی امور نوجواناں عثمان ڈار

اسلام آباد۔17نومبر (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجواناں عثمان ڈار نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے الیکٹرونک ووٹنگ سسٹم متعارف کرانے کا زبردست فیصلہ کیا ہے، اپوزیشن جماعتوں کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ پارلیمنٹ میں انتخابی اصلاحات کیلئے حکومت کا ساتھ دیں، گلگت بلتستان کے لوگوں نے انتخابات میں اپوزیشن کے بیانیے کر رد کیا جس پر انہیں سلام پیش کرتا ہوں، اپوزیشن جماعتیں …

اسلام آباد۔17نومبر (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجواناں عثمان ڈار نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے الیکٹرونک ووٹنگ سسٹم متعارف کرانے کا زبردست فیصلہ کیا ہے، اپوزیشن جماعتوں کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ پارلیمنٹ میں انتخابی اصلاحات کیلئے حکومت کا ساتھ دیں، گلگت بلتستان کے لوگوں نے انتخابات میں اپوزیشن کے بیانیے کر رد کیا جس پر انہیں سلام پیش کرتا ہوں، اپوزیشن جماعتیں دھاندلی کا شور مچانے کی بجائے شکست تسلیم کریں۔ منگل کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نواز شریف تاحیات نااہل ہو چکے ہیں اور پاکستان کی سیاست میں ان کا کوئی مستقبل نہیں ہے اسلئے وہ نظام کو لپیٹنے کے مشن کے ساتھ قومی اداروں کو تسلسل کے ساتھ نشانہ بنا رہے ہیں۔ عثمان ڈار نے کہا کہ نواز شریف ایک طرف آئین و قانون کی بات کر رہے ہیں اور دوسری جانب انہی کی جماعت کے لوگ اداروں کو سیاست میں مداخلت کی دعوت دیتے ہیں، خواجہ آصف بتائیں کہ انہوں نے کس حیثیت سے الیکشن کی رات کو آرمی چیف کو فون کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات کسی بھی ملک کے جمہوری نظام کی روح ہیں، پاکستان میں شفاف انتخابات کیلئے انتخابی اصلاحات کا زبردست موقع ہے، اپوزیشن جماعتوں کو چاہیے کہ وہ انتخاتی اصلاحات کیلئے حکومت کا ساتھ دیں اور جمہوری نظام کو آگے بڑھائیں۔ معاون خصوصی نے کہا کہ ماضی میں سینیٹ انتخابات پر بھی الزامات لگائے گئے، وزیراعظم عمران خان نے اپنے 20 ایم پی ایز کو فارغ کیا تھا جو ریکارڈ کا حصہ ہے، اپوزیشن جماعتیں بتائیں کہ وہ سینیٹ انتخابات میں شو آف ہینڈز کو سپورٹ کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز کا بیان اداروں میں تقسیم کی سوچ کی عکاسی کر رہا ہے، وہ خود کنفیوژ ہیں، کبھی کہتی ہیں کہ اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ بات ہو سکتی ہے اور کبھی کہتی ہیں کہ ہمارا بیانیہ وہی ہے، اپوزیشن کی منافقت قوم کے سامنے عیاں ہو چکی ہے۔ عثمان ڈار نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں عدالتوں میں اپنے کیسز کا دفاع کریں باقی حکومت انتخابی اصلاحات سمیت عوام کے مفادات کیلئے اپوزیشن کے ساتھ بات چیت کرنے کیلئے تیار ہے۔