وزیراعظم عمران خان نے جیلوں میں بند انڈر ٹرائل خواتین قیدیوں کی سپریم کورٹ کے حکم کے تحت فوری رہائی کے احکامات جاری کر دیئے

اسلام آباد ۔ 2 ستمبر (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے جیلوں میں بند انڈر ٹرائل خواتین قیدیوں کی سپریم کورٹ کے حکم کے تحت فوری رہائی کیلئے احکامات جاری کر دیئے۔ بدھ کو وزیراعظم عمران خان کے ٹوئیٹ کے مطابق یہ فیصلہ وزارت انسانی حقوق، اٹارنی جنرل اور بیرسٹر علی ظفر سے ملاقات کے بعد کیا گیا۔ وزیراعظم نے سپریم کورٹ کے حکم نامہ 299/2020 پر فوری عملدرآمد کی ہدایت کی تاکہ انڈر ٹرائل خواتین قیدیوں اور ایسی سزا یافتہ خواتین جو سپریم کورٹ کے حکم کے تحت رہائی کیلئے اہل قرار پائیں، کو رہا کیا جا سکے۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ انہوں نے سزائے موت پانے والی خواتین قیدیوں کی انسانی ہمدردی کی بنیاد پر رہائی اور غیر ملکی خواتین قیدیوں کی رہائی کے حوالے سے بھی رپورٹس فوری طور پر طلب کر لی ہیں۔