وزیراعظم عمران خان کا ترک صدر رجب طیب اردوان سے ٹیلی فون پر رابطہ

اسلام آباد ۔ 3 مارچ (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے منگل کو ترکی کے صدر رجب طیب اردوان سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور ان سے شام کے علاقے ادلیب میں متعدد ترک فوجیوں کی ہلاکت پر دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستانی عوام دکھ اور غم کی اس گھڑی میں برادر ترک عوام کیساتھ یکجہتی کا اظہار کرتی ہے ۔وزیر …

اسلام آباد ۔ 3 مارچ (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے منگل کو ترکی کے صدر رجب طیب اردوان سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور ان سے شام کے علاقے ادلیب میں متعدد ترک فوجیوں کی ہلاکت پر دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستانی عوام دکھ اور غم کی اس گھڑی میں برادر ترک عوام کیساتھ یکجہتی کا اظہار کرتی ہے ۔وزیر اعظم نے خطے میں ترکی کے جائز سیکورٹی اور انسانی تحفظات کے حوالے سے حمایت کا اعادہ کیا اور لاکھوں شامی مہاجرین کی میزبانی کے ذریعے ترکی کی انسانی ہمدردی کی بنیاد پر تعاون کو سراہا۔وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کیخلاف جنگ میں ترکی کی کوششوںکی مکمل حمایت کرتا ہے۔وزیر اعظم نے ترکی کی جانب سے لاکھوں شامی مہاجرین کی میزبانی کو سراہتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ یہ بے پناہ بوجھ برداشت کرنے میں ترکی کی مدد کریں۔وزیر اعظم نے اس سلسلے میں پاکستان کی جانب سے ہر ممکن حمایت و امداد دینے کی پیشکش بھی کی۔وزیر اعظم نے کہا کہ عالمی برادری آگے بڑھے اور شام کے تنازعہ کا پرامن سیاسی حل نکالنے اور موجودہ انسانی بحران پر قابو پانے میں اپنا کردار ادا کریں۔وزیر اعظم عمران خان نے حالیہ دورہ پاکستان اور بالخصوص پارلیمنٹ کے مشترکہ سیشن سے خطاب کے دوران مسئلہ کشمیر پر صدرطیب اردوان کی غیر متزلزل حمایت کا شکریہ ادا کیا۔وزیر اعظم عمران خان نے صدر طیب اردوان کو مقبوضہ کشمیر کی تازہ صورتحال اور بھارت میں مسلمانوں پر تشدد اور قتل عام کے حوالے سے بھی آگاہ کیا۔