اسلام آباد ۔ 26 اگست (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان سری لنکا کے ساتھ قریبی اور دوستانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے جو علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر مسلسل دوطرفہ بات چیت کے ذریعے دہائیوں سے فروغ پا رہے ہیں۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا انہوں نے سری لنکا کے وفد کے …
وزیراعظم عمران خان کا سری لنکا کے وفد کے ساتھ بات چیت کے دوران اظہار خیال

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 26 اگست (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان سری لنکا کے ساتھ قریبی اور دوستانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے جو علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر مسلسل دوطرفہ بات چیت کے ذریعے دہائیوں سے فروغ پا رہے ہیں۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا انہوں نے سری لنکا کے وفد کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کیا جس نے پیر کو یہاں وزیراعظم سے ملاقات کی اور پاکستان میں بصارت سے محروم افراد کیلئے آنکھوں کے قرنیہ کا عطیہ پیش کیا۔ یہ اقدام پاکستان میں سری لنکا کے ہائی کمیشن کی طرف سے سری لنکا کے آنکھوں کے عطیہ کی تنظیم آئی ڈونیشن سوسائٹی کے تعاون سے اٹھایا ہے۔ وزیراعظم نے انسانیت کیلئے خیرسگالی جذبات کو سراہا اور کہا کہ انسانیت کی بنیادوں پر آنکھوں کے قرنیہ فراہم کرنے کا یہ عظیم قدم ہے جس سے بصارت سے محروم افراد کو دوبارہ بینائی مل سکے گی۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان عوام سے عوام کے بڑھتے ہوئے روابط پر بھی اطمینان کا اظہار کیا۔ سری لنکا کے وفد نے مہمان نوازی پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ سری لنکا کے عوام کی طرف سے آنکھوں کے قرنیہ کے عطیہ سے دونوں ممالک کے درمیان دوستی کے رشتوں کو مستحکم کرنے میں مدد ملے گی۔








