اسلام آباد ۔ 21 اگست (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قربانیاں دینے والے اپنے شہداءکو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، بین الاقوامی برادری دہشت گردی متاثرین کی مدد کیلئے ملکر اقدامات کرے ، دہشت گردی کے خاتمے کیلئے ہم بین الاقوامی برادری کے ساتھ کھڑے ہیں۔ منگل کو دہشت گردی کے متاثرین کو خراج عقیدت پیش کرنے اور …
وزیراعظم عمران خان کا پہلے بین الاقوامی یوم متاثرین دہشتگردی کے موقع پر اظہار

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 21 اگست (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قربانیاں دینے والے اپنے شہداءکو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، بین الاقوامی برادری دہشت گردی متاثرین کی مدد کیلئے ملکر اقدامات کرے ، دہشت گردی کے خاتمے کیلئے ہم بین الاقوامی برادری کے ساتھ کھڑے ہیں۔ منگل کو دہشت گردی کے متاثرین کو خراج عقیدت پیش کرنے اور ان کی یاد میں منائے جانے والے بین الاقوامی دن کے موقع پر جاری بیان میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ دہشت گردی کے متاثرین کیلئے پہلی بار منائے جانے والے بین الاقوامی دن کے موقع پر حکومت پاکستان اور پاکستان کے عوام ان تمام متاثرین کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے دہشت گردوں کے ہاتھوں نقصان اٹھایا ہے۔ وزیراعظم نے کہاکہ یہ دن دراصل اپنے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور مسلح افواج کا شکریہ ادا کرنے اور ان کو خراج تحسین پیش کرنے کا بھی دن ہے جنہوں نے پاکستان اور عوام کے تحفظ اور سلامتی کو یقینی بنانے کیلئے بے بہا قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے اور ہم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنے جوانوں سمیت ہزاروں جانوں کی قربانی دی ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس موقع پر بالخصوص آرمی پبلک سکول پشاور پر بہیمانہ دہشتگرد حملے کے 130 سے زائد شہداءکو یاد کر رہے ہیں اور ان کیلئے دعاگو ہیں۔








