وزیراعظم عمران خان کو اردن کے شاہ عبداﷲ دوئم کا فون، پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی میں اضافہ پر تشویش کا اظہار

اسلام آباد ۔ یکم مارچ(اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ تخفیف غربت اور سماجی فلاحی منصوبوں کے ذریعے پاکستان کے عوام کیلئے امن و خوشحالی کا فروغ ان کی حکومت کا ایجنڈا ہے تاہم بھارتی جنگی جنون سے خطہ کے امن کو خطرہ ہے۔ انہوں نے یہ بات اردن کے شاہ عبداﷲ دوئم سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے جمعہ کو وزیراعظم کو فون کیا …

اسلام آباد ۔ یکم مارچ(اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ تخفیف غربت اور سماجی فلاحی منصوبوں کے ذریعے پاکستان کے عوام کیلئے امن و خوشحالی کا فروغ ان کی حکومت کا ایجنڈا ہے تاہم بھارتی جنگی جنون سے خطہ کے امن کو خطرہ ہے۔ انہوں نے یہ بات اردن کے شاہ عبداﷲ دوئم سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے جمعہ کو وزیراعظم کو فون کیا اور پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی میں اضافہ پر گہری تشویش ظاہر کی۔ انہوں نے وزیراعظم کو اس مشکل صورتحال سے نبرد آزما ہونے کے حوالہ سے مدبرانہ خطاب پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کشیدگی کم کرنے کیلئے اردن کی ثالثی کی پیشکش بھی کی۔ وزیراعظم عمران خان نے شاہ عبداﷲ دوئم کو دونوں ممالک اور خطہ کے عوام کی خاطر پاکستان اور بھارت کے درمیان امن برقرار رکھنے کیلئے اپنے اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے اس امر کا اعادہ کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان بنیادی مسئلہ کشمیر ہے جسے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے کی ضرورت ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے ثالثی پر شاہ عبداﷲ کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے شاہ عبداﷲ دوئم کو پاکستان کے دورہ کی دعوت بھی دی۔

Leave a Reply