وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس، سابق فاٹا کے علاقوں میں ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا

اسلام آباد ۔ 22 جون (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت (سابق فاٹا) ضم ہونے والے علاقوں میں ترقی کے حوالہ سے پیشرفت کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس منعقد ہوا۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق اجلاس میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز، مشیر برائے خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، معاون خصوصی ڈاکٹر …

اسلام آباد ۔ 22 جون (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت (سابق فاٹا) ضم ہونے والے علاقوں میں ترقی کے حوالہ سے پیشرفت کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس منعقد ہوا۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق اجلاس میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز، مشیر برائے خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل اور سینئر حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان، وزیر خزانہ خیبرپختونخوا تیمور سلیم جھگڑا، پنجاب کے وزیر خزانہ ہاشم جواں بخت نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ اجلاس کے بعد وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس میں سابق فاٹا کے علاقوں میں ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا گیا اور وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ فاٹا کے عوام ان کے دل کے بہت قریب ہیں اور فاٹا کی جلد از جلد ترقی چاہتے ہیں۔ اس ضمن میں 2018ء کے معاہدہ کے تحت وفاق کا جو حصہ طے ہوا تھا وہ حکومت نے جاری کر دیا ہے اور جو باقی لوازمات ہیں اس کیلئے مشیر خزانہ کے ماتحت کمیٹی تشکیل دی ہے جو باقی صوبوں کے ساتھ کوآرڈینیٹ کرکے ان فنڈز کی دستیابی کو یقینی بنائے گی جس سے فاٹا کے ترقیاتی منصوبے شروع ہو سکیں گے اور فاٹا کے عوام جنہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بہت قربانیاں دی ہیں اور ہمیشہ وہ اس کیلئے قربانیاں دیتے رہے ہیں ہم ان کا اعتراف کرتے ہیں۔ وزیراعظم سابق فاٹا کے علاقوں کی ترقی میں خود بہت دلچسپی لے رہے ہیں اور انشاء اﷲ آنے والے مالی سال میں سارے ترقیاتی منصوبے شروع ہو جائیں گے۔