وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ سے متعلق تیاریوں کا جائزہ لیا گیا

APP65-14 ISLAMABAD: February 14 - Prime Minister Imran Khan chairing a meeting to supervise preparation made for the visit Saudi Crown Prince HRH Mohammad Bin Salman at PM’s office. APP

اسلام آباد ۔ 14 فروری (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ کے بارے میں تیاریوں کا جائزہ لینے کےلئے جمعرات کو اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا ۔ سعودی ولی عہد اعلیٰ اختیاراتی وفد کے ہمراہ 16 فروری سے پاکستان کا 2روزہ دورہ کر رہے ہیں۔ وزیراعظم نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے پاکستان پہنچنے پر فقید المثال استقبال، پاکستان میں مصروفیات اور معزز مہمانوں کیلئے کئے جانے والے دیگر انتظامات کا خود جائزہ لیا۔ اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ سرمایہ کاری اور کاروبار کے فروغ کیلئے ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ آسان ویزہ اور کاروبار کیلئے تمام ضروری سہولیات کی فراہمی یقینی بنا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خطہ پائیدار امن کیلئے اپنا بھرپور کردار جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہے نیا پاکستان جس کی طرف آج پوری دنیا دیکھ رہی ہے۔ اجلاس میں وزیر خزانہ اسد عمر، وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین، وزیر پٹرولیم غلام سرور خان، مشیر تجارت عبدالرزاق داﺅد، وزیراعظم کے معاونین خصوصی یوسف بیگ مرزا، افتخار درانی، خارجہ سیکرٹری تہمینہ جنجوعہ، سیکرٹری اطلاعات، سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری داخلہ، ڈی جی آئی ایس پی آر، چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ اور دیگر سینئر حکام نے شرکت کی۔