وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز کی میڈیا کو بریفنگ

اسلام آباد۔6اکتوبر (اے پی پی):وفاقی کابینہ نے حضرت امام حسین کے چہلم کے موقع پر صوبائی حکومتوں اور وفاقی دارالحکومت انتظامیہ کو فوج اور سول آرمڈ فورسز کی معاونت فراہم کرنے، لیگل اینڈ جسٹس اتھارٹی کے قیام، کابینہ نے الیکٹرانک سرٹیفیکیشن ایکریڈیٹیشن کونسل کے ملازمین کی تنخواہوں میں ترمیم کے حوالے سے پیش کی جانے والی تجویز کی منظوری جبکہ بین الاقوامی ٹیکس ٹریٹی سے متعلقہ اقدامات کے حوالے سے …

اسلام آباد۔6اکتوبر (اے پی پی):وفاقی کابینہ نے حضرت امام حسین کے چہلم کے موقع پر صوبائی حکومتوں اور وفاقی دارالحکومت انتظامیہ کو فوج اور سول آرمڈ فورسز کی معاونت فراہم کرنے، لیگل اینڈ جسٹس اتھارٹی کے قیام، کابینہ نے الیکٹرانک سرٹیفیکیشن ایکریڈیٹیشن کونسل کے ملازمین کی تنخواہوں میں ترمیم کے حوالے سے پیش کی جانے والی تجویز کی منظوری جبکہ بین الاقوامی ٹیکس ٹریٹی سے متعلقہ اقدامات کے حوالے سے ملٹی لیٹرل کنونشن کی توثیق کی، وفاقی کابینہ نے روزمرہ استعمال کی اشیا کی قیمتوں میں اضافہ پر تشویش کا اظہار کیا، وزیراعظم نے اشیا ضروریہ کی قیمتیں کم کرنے کیلئے فوری اقدامات کی ہدایت کی، وفاقی کابینہ نے ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر غور کیا، بھارت فیٹف پاکستان کو گرے سے بلیک لسٹ میں لے جانا چاہتا تھا، اپوزیشن نے بھی فیٹف پر قانون سازی کے عمل میں مخالفت کرکے بھارتی موقف کا ساتھ دیا،اپوزیشن اور دشمن ملک بھارت کے بیانیے میں خاصی مماثلت پائی جاتی ہے،ملک دشمن کبھی نہیں چاہیں گے کہ پاکستان مستحکم ہو اور ترقی کرے۔ منگل کو وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ وفاقی کابینہ کو معاشی اعشاریوں پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ 2011کے بعد پہلی دفعہ گذشتہ دو ماہ سے کرنٹ اکاونٹ خسارہ گذشتہ دو ماہ سے مثبت رہا ہے۔ اجلاس کو ٹریڈ بیلنس، برآمدات اور درآمدات کے اعدادو شمار پر بریفنگ دی گئی۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ ترسیلات زر میں مثبت رجحان سامنے آیا ہے۔ اگست کے آ خر تک فارن ایکسچینج ذخائر بیس ارب ڈالر تھے۔ ایکس چینج ریٹ میں استحکام رہا ہے۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ ٹیکس اکٹھا کرنے کی مد میں مثبت رجحان سامنے آیا ہے۔ کابینہ کو گندم، کپاس، گنا اور چاول کی اجناس کی پیداوار کے تخمینوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ فارن ڈائریکٹ انویسٹمنٹ (نیٹ) مثبت رہے ہیں۔ کابینہ کو افراطِ زرکی شرح اور اسکی وجوہات پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیرِ برائے خوراک نے کابینہ کو گندم کی دستیابی ، موجود ذخائر اور درآمد کی صورتحال پر بریفنگ دی۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ اس وقت تقریباً پچاس لاکھ ٹن گندم موجود ہے۔ مستقبل کی ضروریات پوری کرنے کے لئے سرکاری اور نجی شعبے کی جانب سے گندم درآمد کی جا رہی ہے۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ نجی شعبے کی جانب سے درآمد شدہ چار لاکھ تیس ہزار ٹن گندم ملک میں پہنچ گئی ہے مزید چھ لاکھ ساٹھ ہزار ٹن کے انتظام کئے جا رہے ہیں۔ سرکاری سطح ٹی سی پی کی جانب سے چھ لاکھ تیس ہزار ٹن گندم کی درآمد کے انتظام مکمل کر لئے گئے ہیں۔ ایک لاکھ اسی ہزار میٹرک ٹن گندم روس سے گورنمنٹ ٹو گورنمنٹ معاہدے کے ذریعے درآمد کی جا رہی ہے۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ روس کی جانب سے مزید پانچ لاکھ میٹرک ٹن گندم فراہم کرنے کاعندیہ دیا گیا ہے۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ ملک کی ضروریات کے مطابق اس وقت گندم کا ذخیرہ موجود ہے۔ کابینہ کو گندم اور آٹے کی قیمت پر بھی بریفنگ دی گئی۔ کابینہ کو پاکستان انٹر نیشنل ایئر لائنز کے سالانہ منافع اور نقصان کی صورتحال کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ قومی ائیرلائنز مختلف وجوہات کی بنیاد پر مسلسل خسارے کا شکار تھی۔ موجود ہ انتظامیہ کی کوششوں کی نتیجے میں 2019 میں واضح بہتری سامنے آئی جس کے نتیجے میں خسارے میں گھر ا ادارے کے ریونیو میں منافع کا رجحان سامنے آیا اورآپریٹنگ خسارے میں کمی آئی۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ آمدن میں مثبت رجحان کورونا کی وجہ سے متاثر ہوا تاہم پی آئی اے انتظامیہ کی جانب سے ادارے کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے حوالے سے کوششیں جا ری ہیں۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ موجودہ انتظامیہ کی کوششوں کی بدولت آمدن میں 42.5فیصد اضافہ ہوا ہے۔آٹھ سالوں بعد2019میں پی آئی اے کا گراس منافع میں 7.8ارب روپے سامنے آیا۔ کابینہ نے گذشتہ پانچ ماہ میں (کورونا وبا کے دوران) بیرون ملک پھنسے ڈھائی لاکھ پاکستانیوں کو وطن واپس لانے کے حوالے سے فراہم کردہ خدمات کو سراہا۔ کابینہ نے ڈائریکٹر جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی کے عہدے کی ذمہ داریاں سیکرٹری ایوی ایشن کو عارضی طور پر تفویض کرنے کی مدت میں اضافے میں منظوری دی۔ کابینہ نے عبدالخالق شیخ کو ایگزیکیٹو و ڈائریکٹر سٹیٹ لائف انشورنس تعینات کرنے کی منظوری دی۔ کابینہ نے منامٹا کنوینشن برائے مرکری کی توثیق کی منظوری دی۔ کابینہ نے اسلام آباد وائلڈ لائف منیجمنٹ بورڈ کے لئے غیر سرکاری ممبران کی تعیناتی کی منظوری دی۔کابینہ نے نیشنل سکول آف پبلک پالیسی کے بورڈ میں جاوید سالک ملک، منیر کمال، ڈاکٹر فیصل باری اور عارفہ صبوحی کو بطور ممبر شامل کرنے کی منظوری دی۔کابینہ نے ڈاکٹر غلام علی ملاح کو سیکرٹری انٹر بورڈ کمیٹی آ ف چئیرمین تعینات کرنے کی منظوری دی۔ کابینہ نے لیگل اینڈ جسٹس اتھارٹی کے عمل میں آنے کی منظوری دی۔ کابینہ نے الیکٹرانک سرٹیفیکیشن اکریڈیٹیشن کونسل کے ملازمین کی تنخواہوں میں ترمیم کے حوالے سے پیش کی جانے والی تجویز کو منظور کیا۔ کابینہ نے بین الاقوامی ٹیکس ٹریٹی سے متعلقہ اقدامات کے حوالے سے ملٹی لیٹرل کنونشن کی توثیق کی۔ کابینہ کو پاکستان ریلویز کی تنظیم نو اور بحالی کے حوالے سے پلان پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ریلوے میں بہترگورننس، انفارمیشن ٹیکنالوجی متعارف کرانے، پنشن کے انتظام، مالی نظم و ضبط کو یقینی بنانے اور ریلوے کے آپریشنز میں نجی شعبے کو شامل کرنے کے حوالے سے اٹھائے جانے والے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ ریلوے بورڈ کو بااختیار بنایا جا رہا ہے اور بورڈ میں شعبے سے متعلقہ نامور اور معروف ماہرین کو شامل کیا جا رہا ہے۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ بارہ پسنجر ٹرینوں جبکہ چار مال بردار گاڑیوں کی نجکاری کی گئی ہے۔ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت پچیس منصوبوں پر کام جاری ہے۔ ریلوے کی بیش قیمت اراضی کے بہتر انتظام کے حوالے سے کئے جانے والے اقدامات سے بھی کابینہ کو تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا۔کابینہ کو بتایا گیا کہ 1872کلومیٹر (کراچی سے پشاور) ایم ایل ون کے علاوہ چھ سو کلومیٹر ٹریک کوبہتر بنایا جا رہا ہے۔ کابینہ نے غیر ملکی مہمانوں کے پروٹوکول و دیگر اعلیٰ سطح کی سرکاری ڈیوٹی کی انجام دہی کے لئے وزارتِ خارجہ کی جانب سے حاصل کردہ تینتیس گاڑیوںکی دیکھ بھال اور انتظام کی ذمہ داری کابینہ ڈویڑن کو سونپنے کی منظوری دی۔ کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 30ستمبر 2020 کے اجلاس اور کابینہ کمیٹی برائے قانون سازی کے 28ستمبر2020کے اجلاس میں لئے گئے فیصلوں کی بھی توثیق کی گئی۔ کابینہ نے انٹرنیشنل پالیسی سنٹر فار انکلوسیو گروتھ کی جانب سے کورنا کے دوران حکومت ِ پاکستان کی جانب سے بہترین اقدامات کے سراہنے کا خیر مقدم کیا۔ کابینہ نے کورونا کے دوران مستحق افراد کو ایمر جنسی کیش کی نہایت شفاف اور موثر طریقے سے فراہمی کو یقینی بنانے کے حوالے سے معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر اور احساس ٹیم کی کاوشوں کو سراہا۔ ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینٹر شبلی فراز نے کہا کہ سندھ حکومت کی طرف سے گندم جاری نہ کرنے کی وجہ سے مشکلات کا سامنا ہے،شدید بارشوں سے گندم کی فصل کو نقصان پہنچا،بارشوں کے باعث کپاس کی پیداوار کا ہدف بھی حاصل نہیں کیا جا سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ محمد زبیر کو (ن) لیگ کا تا حیات ترجمان بننے پر مبارکباد دیتا ہوں۔ محمد زبیر نے کہا تھا کہ جب تک حکومت نہیں گرتی وہ ترجمان رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان دباﺅ میں آنے والے نہیں بلکہ دباﺅ میں زیادہ بہتر کارکردگی دکھاتے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پنجاب میں درج کی گئی ایف آئی آر سے ہمارا کوئی لینا دینا نہیں،پنجاب حکومت معاملے کی تحقیقات کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن رہنماﺅں نے اگر کرپشن نہیں کی تو انسداد منی لانڈرنگ قانون سے گھبرانے کی ضرورت نہیں،تین بار کیا 10ہزار مرتبہ بھی وزیراعظم رہنے کا مطلب یہ نہیں کہ کوئی بھی قانون سے بالاتر ہوجاتا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سندھ کے ساحلی علاقوں کو کچرے کے ڈھیروں میں تبدیل کر دیا گیا ہے، وفاقی حکومت ان ساحلی علاقوں کو بحال کرنا چاہتی ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے ہمیشہ ثابت کیا کہ وہ محب وطن پاکستانی ہیں ،ہر عالمی سطح پر پاکستان کاز ،کشمیر کاز اور اسلام کاز کو اجاگر کیا۔