وزیراعظم عمران خان 100 مرتبہ اقتدار قربان کر دیں گے لیکن وہ این آر او نہیں دیں گے،وفاقی وزیر آبی وسائل

اسلام آباد۔20اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کے قائدین کے خلاف بدعنوانی کیسز منطقی انجام کی طرف جا رہے ہیں اسلئے خوفزدہ ہو کر حکومت پر دبائو ڈالنے کیلئے قومی اداروں پر تنقید کر رہے ہیں، وزیراعظم عمران خان 100 مرتبہ اقتدار قربان کر دیں گے لیکن وہ کسی صورت میں بدعنوان ٹولے کو این آر او نہیں دیں گے۔ منگل …

اسلام آباد۔20اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کے قائدین کے خلاف بدعنوانی کیسز منطقی انجام کی طرف جا رہے ہیں اسلئے خوفزدہ ہو کر حکومت پر دبائو ڈالنے کیلئے قومی اداروں پر تنقید کر رہے ہیں، وزیراعظم عمران خان 100 مرتبہ اقتدار قربان کر دیں گے لیکن وہ کسی صورت میں بدعنوان ٹولے کو این آر او نہیں دیں گے۔ منگل کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سندھ پولیس نے پہلے ٹویٹ کیا کہ کیپٹن (ر) صفدر کو قانون کے مطابق گرفتار کیا گیا اور قانون کے تحت ہی تحقیقات کی جائیں گی، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ بھی کہتے ہیں کہ مزار قائد میں کیپٹن (ر) صفدر نے جو کیا وہ غلط تھا، پھر ان کی گرفتاری پر اعتراض کیوں کرتے ہیں۔ فیصل واوڈا نے کہا کہ آئی جی سندھ کے گھر کے پاس کیمرے لگے ہوئے ہیں، اغوا کے ثبوت سامنے لائیں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں این آر او لینے کیلئے جلسے جلوسوں کا ڈرامہ اور اداروں کو سیاست میں گھسیٹ رہی ہیں، نواز شریف اور ان کے لوگوں نے اداروں کی تضحیک کی، مریم نواز سمیت دیگر اپوزیشن قائدین کے خلاف بدعنوانی کیسز منطقی انجام تک پہنچ رہے ہیں، سب کو گرفتار کر کے جیلوں میں ڈالا جائے گا۔