وزیراعظم محمد شہباز شریف کی آذربائیجان کے صدر الہام علییوف سے ٹیلی فون پر گفتگو، دوطرفہ تعلقات کی مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار، باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے مشترکہ عزم کا اعادہ
وزیراعظم محمد شہباز شریف کی آذربائیجان کے صدر الہام علییوف سے ٹیلی فون پر گفتگو، دوطرفہ تعلقات کی مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار، باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے مشترکہ عزم کا اعادہ

مزید خبریں
اسلام آباد۔12مئی (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف اور آذربائیجان کے صدر الہام علییوف نے دوطرفہ تعلقات کی مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے تجارت و سرمایہ کاری، توانائی، اور عوامی روابط سمیت باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے مشترکہ عزم کا اعادہ کیاہے۔منگل کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے آذربائیجان کے صدر الہام علییوف سے ٹیلی فون پر گفتگو کی ۔
دونوں رہنمائوں کے درمیان نہایت گرمجوشی اور خیرسگالی پر مبنی گفتگو ہوئی جس کے دوران انہوں نے باہمی تہنیتی پیغامات کا تبادلہ کیا اور پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان مضبوط برادرانہ تعلقات اور دوستی کے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم نے آئندہ ہفتے باکو میں منعقد ہونے والے ورلڈ اربن فورم کے کامیاب انعقاد کے لیے نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ آذربائیجان کی قیادت میں یہ فورم عالمی شہری ترقی کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے لیے ایک موثر اور اہم پلیٹ فارم ثابت ہوگا۔ وزیراعظم نے ناگزیر سرکاری مصروفیات کے باعث ذاتی طور پر فورم میں شرکت کرنے سے معذرت کی تاہم انہوں نے کہا کہ پاکستان کی فورم میں اعلی سطحی نمائندگی ہوگی۔
دونوں رہنمائوں نے دوطرفہ تعلقات کی مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور تجارت و سرمایہ کاری، توانائی اور عوامی روابط سمیت باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے اپنے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔انہوں نے خطے کی صورتحال بالخصوص مشرق وسطیٰ میں جاری امن کوششوں اور باہمی دلچسپی کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔صدر علییوف نے ایران اور امریکہ کے درمیان جنگ بندی کے لئے پاکستان کی انتہائی کامیاب سفارتی کاوشوں کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ یہ پاکستان اور اس کی قیادت پر عالمی برادری کے اعتماد اور بھروسے کا واضح مظہر ہے۔دونوں رہنمائوں نے قریبی رابطے برقرار رکھنے پر اتفاق کیا اور رواں سال کے آخر میں بالمشافہ ملاقات کی امید کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے صدر علییوف کو پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی پرخلوص دعوت کا اعادہ بھی کیا۔








