وزیراعظم محمد شہبازشریف اور ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی کی ملاقات، دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی ، تجارتی، توانائی ، رابطہ، ثقافتی اور عوام کی سطح پر روابط سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم اور وسیع کرنے پر اتفاق

نیویارک۔20ستمبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہبازشریف اور ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی نے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی ، تجارتی، توانائی ، رابطہ، ثقافتی اور عوام کی سطح پر روابط سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم اور وسیع کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ یہ اتفاق رائے منگل کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 77ویں اجلاس کے موقع پر دونوں رہنمائوں کے درمیان ملاقات کے دوران ہوا۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے 15 ستمبر 2022 کو سمرقند میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کے موقع پر ایران کے صدر ابراہیم رئیسی کے ساتھ اپنی گرمجوش اور خوشگوار ملاقات کا حوالہ دیا اور مختلف شعبوں میں پاک۔

ایران تعلقات کو فروغ دینے کے اپنے عزم کو دہرایا۔ وزیراعظم نے تباہ کن سیلاب کے تناظر میں پاکستانی قوم کے ساتھ یکجہتی اور حمایت پر ایران کے صدر اور ایرانی عوام کا شکریہ ادا کیا۔ ملاقات کے دوران دونوں رہنمائوں نے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی ، تجارتی، توانائی ، رابطہ، ثقافتی اور عوام کی سطح پر روابط سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم اور وسیع کرنے پر اتفاق کیا ۔

وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان بھارت کے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر کے لوگوں کی منصفانہ جدوجہد کے لئے ایران کے سپریم لیڈر کی مضبوط اور ثابت قدمی سے حمایت کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ وزیراعظم نے ایران کے صدر کو جلد دورہ پاکستان کی دعوت دی۔