وزیراعظم محمد شہباز شریف کی سی پی این ای کے نو منتخب عہدیداروں کو مبارکباد

اسلام آباد۔29مئی (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نےکونسل آف پاکستان نیوز پیپرز ایڈیٹرز (سی پی این ای)کے نومنتخب عہدیداروں کو مبارکباد دی ہے۔ پی ایم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے اتوار کو جاری پریس ریلیز کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے سی پی این ای کے نو منتخب صدر کاظم خان، سینئر نائب صدر ایاز خان، سیکرٹری جنرل عامر محمود اور تنطیم کے دیگر منتخب اراکین کو مبارکباد کا پیغام دیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ جمہوریت کی مضبوطی کے لیے صحافت اور آزادی اظہار رائے ضروری آئینی تقاضے ہیں۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ مخلوط حکومت نہ صرف میڈیا کی آزادی کے تحفظ پر پختہ یقین رکھتی ہے بلکہ اس کے فروغ کے لیے بھی اقدامات کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سی پی این ای ایک اہم میڈیا تنظیم ہے اور میڈیا کی آزادی اور اظہار رائے کی آزادی کے فروغ کے لیے اس کے ساتھ مل کر کام کرنے کا اظہار کیا۔ انہوں نے صحافیوں/میڈیا پرسنز اور صحافت کی خدمت کی اپنی ذمہ داریاں نبھانے کے لیے نومنتخب باڈی کی کامیابی کے لیے دعا کی اور اس سلسلے میں اپنی حکومت کی طرف سے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔