وزیراعظم محمد شہباز شریف کی چین کے قومی دن کے موقع پر صدر شی جن پنگ اور برادر عوام کو دلی مبارکباد ، نیک تمناؤں کا اظہار

اسلام آباد۔1اکتوبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے چین کے قومی دن کے موقع پر صدر شی جن پنگ اور چین کے برادر عوام کو دلی مبارکباد دیتے ہوئے ان کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے ۔ جمعرات کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ اس تاریخی دن پر پوری پاکستانی قوم میرے ساتھ چین کی شاندار کامیابیوں اور صدر …

اسلام آباد۔1اکتوبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے چین کے قومی دن کے موقع پر صدر شی جن پنگ اور چین کے برادر عوام کو دلی مبارکباد دیتے ہوئے ان کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے ۔

جمعرات کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ اس تاریخی دن پر پوری پاکستانی قوم میرے ساتھ چین کی شاندار کامیابیوں اور صدر شی جن پنگ کی بصیرت افروز قیادت میں ترقی کے متاثر کن سفر کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے خوشیاں منا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس سال جب ہم پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کے 75 سال مکمل ہونے کا جشن منا رہے ہیں، ہمیں دونوں ممالک اور عوام کے درمیان آہنی اور ہر آزمائش پر پورا اترنے والے سٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت داری پر فخر ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ہماری اقتصادی شراکت داری سی پیک 2.0 کے ذریعے مسلسل فروغ پا رہی ہے جس میں زراعت، آئی ٹی و ٹیکنالوجی، کان کنی و معدنیات اور صنعت کے شعبوں میں تعاون پر توجہ مرکوز کی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ دعا ہے کہ پاکستان اور چین ہمیشہ ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں اور نئے عہد میں مشترکہ مستقبل کے حامل پاکستان۔چین معاشرے کی تعمیر کے لیے مزید قربت اور ترقی کی جانب مسلسل آگے بڑھتے رہیں