اسلام آباد ۔ 5 جنوری (اے پی پی) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ وطن عزیز سے دہشت گردی کا خاتمہ کرکے اسے امن آشتی کا گہوارہ بنائیں گے، اس سلسلہ میں سب سے کلیدی کردار ادیبوں، شاعروں اور اہل علم و دانش کا ہے، آپریشن ضرب عضب کے ساتھ ساتھ آپریشن ضرب قلم کی بھی اشد ضرورت ہے، ہم زبان و بیان کا سلیقہ بھولتے جا رہے …
وزیراعظم محمد نواز شریف کا اکادمی ادبیات پاکستان کے زیر اہتمام چوتھی بین الاقوامی اہل قلم کانفرنس سے خطاب

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 5 جنوری (اے پی پی) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ وطن عزیز سے دہشت گردی کا خاتمہ کرکے اسے امن آشتی کا گہوارہ بنائیں گے، اس سلسلہ میں سب سے کلیدی کردار ادیبوں، شاعروں اور اہل علم و دانش کا ہے، آپریشن ضرب عضب کے ساتھ ساتھ آپریشن ضرب قلم کی بھی اشد ضرورت ہے، ہم زبان و بیان کا سلیقہ بھولتے جا رہے ہیں، ہمارا لب و لہجہ کرخت ہو گیا، دل آزاری کے الفاظ عام ہو گئے، یہ رویے جو میڈیا کے ایک حصہ کے ذریعے عام ہو رہے ہیں نئی نسل کو متاثر کر رہے ہیں، ادیبوں اور دانشوروں کو اس مسئلہ کی طرف توجہ دینی چاہئے، علم و ادب کے فروغ کے اداروں اور اہل علم کو درپیش مسائل کے حل کیلئے 50 کروڑ روپے کے انڈومنٹ فنڈ کا اعلان کرتا ہوں، قومی تاریخ و ادبی ورثہ کو نہ صرف محفوظ بنانے بلکہ نئی نسل کو بھی منتقل کرنے کی ضرورت ہے۔ وہ جمعرات کو اکادمی ادبیات پاکستان کے زیر اہتمام چوتھی بین الاقوامی اہل قلم کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر وزیراعظم کے مشیر برائے قومی و ثقافتی ورثہ عرفان صدیقی بھی موجود تھے۔ وزیراعظم نے کہا کہ انہیں اہل علم و دانش کی خوبصورت کانفرنس میں شرکت پر خوشی ہے، اہل قلم کسی بھی معاشرے کا سب سے قیمتی اثاثہ ہوتے ہیں، اہل قلم نہ صرف زمانہ حال پر گہری نظر رکھتے ہیں بلکہ ان کی نگاہ آنے والے ادوار کو بھی دیکھ رہی ہوتی ہے، وہ قوم کے دل، روح اور دماغ کا درجہ رکھتے ہیں، ان کا دل انسانوں کے دکھ، درد اور احساسات کو محسوس کرتا ہے اور ان کی تحریریں دلوں کو اور گرماتی اور ذہنوں کو اجلاتی ہیں، اہل قلم خواب بھی دیتے ہیں اور ان کی تعبیر کیلئے جذبہ بھی پیدا کرتے ہیں۔








