وزیراعظم محمد نواز شریف کی زیر صدارت مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس مشترکہ مفادات کونسل کا آئندہ سال 15 مارچ سے قومی مردم شماری شروع کرانے پر اتفاق مردم شماری دو مراحل میں ہوگی، ہر مرحلہ تمام صوبوں میں بیک وقت شروع کیا جائے گا اسلام آباد ۔ 16 دسمبر (اے پی پی) مشترکہ مفادات کونسل نے آئندہ سال 15 مارچ سے قومی مردم شماری شروع کرانے پر اتفاق کیا …
وزیراعظم محمد نواز شریف کی زیر صدارت مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس

مزید خبریں
وزیراعظم محمد نواز شریف کی زیر صدارت مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس
مشترکہ مفادات کونسل کا آئندہ سال 15 مارچ سے قومی مردم شماری شروع کرانے پر اتفاق
مردم شماری دو مراحل میں ہوگی، ہر مرحلہ تمام صوبوں میں بیک وقت شروع کیا جائے گا
اسلام آباد ۔ 16 دسمبر (اے پی پی) مشترکہ مفادات کونسل نے آئندہ سال 15 مارچ سے قومی مردم شماری شروع کرانے پر اتفاق کیا ہے جبکہ یہ بھی اتفاق پایا گیا کہ خانہ شماری اور مردم شماری کا عمل ایک ساتھ انجام دیا جا سکتا ہے۔ وزیراعظم محمد نواز شریف کی زیر صدارت مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس جمعہ کو وزیراعظم آفس میں منعقد ہوا جس میں اتفاق کیا گیا کہ مردم شماری دو مراحل میں ہو گی اور ہر مرحلہ تمام صوبوں میں بیک وقت شروع کیا جائے گا۔ اجلاس میں اتفاق پایا گیا کہ مردم شماری صوبائی حکومتوں کے مربوط رابطے سے کی جائے گی۔ سی سی آئی نے عمل درآمدی مسائل طے کرنے کے لئے سیکرٹری پاکستان بیورو شماریات اور چاروں چیف سیکرٹریز پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دینے کا بھی فیصلہ کیا۔ وزیراعظم ہاﺅس کی طرف سے جاری بیان کے مطابق مشترکہ مفادات کونسل نے نیشنل سیکورٹی فنڈ کے قیام پر بھی غور کیا اور یہ معاملہ نیشنل فنانس کمیشن کے حوالے کر دیا جو فیصلے کے لئے مجاز فورم ہے۔ کونسل نے قومی جنگلات پالیسی کی اصولی منظوری دی اور وزیر موسمیاتی تبدیلی کو ہدایت کی کہ وہ صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر کام کریں تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ صوبائی اختیارات کے حوالے سے تجاوز نہ ہو۔ قومی جنگلات پالیسی سے وفاقی حکومت صوبائی حکومتوں کو صوبوں کے اپنے پالیسی فریم ورک کی روشنی میں اور بین الاقوامی معاہدوں کی پیروی کرتے ہوئے تکنیکی اور مالیاتی معاونت کی فراہمی کر سکے گی۔ مشترکہ مفادات کونسل نے حکومت پنجاب کو خالص ہائیڈل منافع کی ادائیگی کی توثیق کی۔ اس بات پر اتفاق پایا گیا کہ 38.12 ارب روپے دسمبر 2016ءتک حکومت پنجاب کو ایک سال کے دورانیہ کے ”پرامیسری نوٹ“ کے اجراءکے ذریعے طے کئے جائیں گے جبکہ بقیہ 44.59 ارب روپے سی سی آئی/نیپرا کی طرف سے نرخوں کے تعین کے بعد تین مساوی اقساط میں ادا کئے جائیں گے۔ اجلاس میں وفاقی وزیر سمندر پار پاکستانیز پیر سید صدر الدین شاہ راشدی، وفاقی وزیر سیفران لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ، وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے شرکت کی۔ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک، وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناءاللہ خان زہری نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔








