اسلام آباد ۔ 6 اگست (اے پی پی) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ آج کشمیریوں کی جدوجہد کے ساتھ یکجہتی کا دن ہے' کسی بھی فورم پر آج کے دن سیاست نہیں ہونی چاہیے' کشمیری بہن بھائیوں کو یقین دلاتے ہیں کہ کسی بھی فورم پر ان کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے۔ وزیراعظم عمران خان کشمیر کے مسئلہ پر …
وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کی پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 6 اگست (اے پی پی) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ آج کشمیریوں کی جدوجہد کے ساتھ یکجہتی کا دن ہے’ کسی بھی فورم پر آج کے دن سیاست نہیں ہونی چاہیے’ کشمیری بہن بھائیوں کو یقین دلاتے ہیں کہ کسی بھی فورم پر ان کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے۔ وزیراعظم عمران خان کشمیر کے مسئلہ پر بین الاقوامی سطح پر رہنمائوں کے ساتھ رابطے میں ہیں’ بحیثیت قوم پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں کشمیر سے متعلق یک زبان ہو کر دنیا کے سامنے کھڑے ہوں گے۔ منگل کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ آج کا دن کشمیریوں کی جدوجہد کے ساتھ یکجہتی کا دن ہے۔ آج کے دن کسی فورم پر سیاست نہیں ہونی چاہیے۔ بحیثیت قوم کشمیر کے مظلوم عوام کے ساتھ یکجہتی کرتے ہوئے پیغام دینا ہے کہ پاکستان کا بچہ بچہ کشمیر کے ساتھ ہے اور کشمیر ہماری شہ رگ ہے اور پاکستان کشمیر کے بغیر ادھورا ہے،کشمیر ہماری رگوں میں لہو بن کر دوڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں گھروں کے باہر دس دس بھارتی فوجی کھڑے کردیئے گئے ہیں، بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں تعینات اپنے فوجیوں کی تعداد میں ایک لاکھ 17 ہزار کا اضافہ کر دیا ہے ۔ بھارت نے کشمیریوں کی آواز دبانے کے لئے پہلے ہی مقبوضہ کشمیر میں اپنے لاکھوں فوجی تعینات کر رکھے ہیں۔ موجودہ حالات میں کشمیر کا ہر شخص پاکستان اور پاکستان کی پارلیمنٹ کی طرف دیکھ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ سے کشمیریوں کیلئے یکجہتی کا پیغام جانا ضروری ہے۔ کشمیر ہمارا مشترکہ اور قومی مسئلہ ہے۔ اس لئے ہم سب کو مل کر بھارت کے اس مکروہ عمل کی مذمت کرنا ہے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ نہتے کشمیریوں کی حمایت جاری رکھیں گے۔ وزیراعظم عمران خان بین الاقوامی سطح پر مختلف ممالک کے سربراہان سے رابطے میں ہیں۔ کشمیر کے حوالے سے ترجیحات پارلیمنٹ کے اندر طے ہوں گی اور سب کے سامنے رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کا اصرار تھا کہ 370 اور 35 اے کو قرارداد میں شامل کیا جائے اس حوالے سے اپوزیشن کی خواہش کو تمام سٹیک ہولڈر کے ساتھ مل کر مفاہمت کے ذریعے حل کیا جائے گا اور قرارداد میں شامل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کی خواہش کے مطابق جو پارلیمنٹ میں طے ہوگا یہ قرارداد 22 کروڑ عوام کی امنگوں کی ترجمانی کرے گی۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ہم توقع کرتے ہیں کہ دو روزہ مشترکہ اجلاس میں باہمی یکجہتی’ اتحاد اور کشمیریوں کے معاملے پر یک زبان ہوکر دو ٹوک موقف پاکستان کی پارلیمنٹ کی طرف سے دنیا کے سامنے لے کر آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی قیادت نے پاکستان کے بیانیہ کی حمایت کی تھی س پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں ۔ بھارت بار بار کشمیریوں کے حقوق کو کچل رہا ہے۔ دنیا سلامتی کونسل کی قرارداد ‘ حق خودارادیت جس کو دنیا نے تسلیم کیا تھا’ بھارت نے یو این سکیورٹی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی اور بے توقیری کی ہے اوران قراردادوں کی دھجیاں بکھیر دی ہیں۔ ہم عالمی سطح پر کشمیریوں کی آواز اٹھائیں گے۔ ہم باور کرانا چاہتے ہیں کہ ہم ہر حال میں اور ہر فورم پر کشمیریوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے کشمیریوں کے ساتھ کھڑے نظر آئیں گے اور کشمیر کے مسئلے کو تمام سٹیک ہولڈرز کے ساتھ ڈٹ کر اٹھائیں گے۔ اس موقع پر پی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ بھارت کی کاغذی کارروائیاں پاکستان مسترد کرتا ہے اور او آئی سی کی طرف سے کشمیریوں کے حق خودارادیت کے لئے قرارداد آئی ہے جس میں مسئلہ کشمیر کے حل اور کشمیر کی حمایت کی گئی ہے۔








