وزیراعظم کے مشیربرائے خزانہ ڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ کی زیرصدارت کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس

اسلام آباد ۔ 6 مئی (اے پی پی) کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی ) نے وزارت قومی غذائی تحفظ وتحقیق کوپاسکو اورمحکمہ ہائے زراعت کے ساتھ مل کرسرکاری شعبے میں ہدف کے مطابق 8.25 ملین ٹن گندم کی خریداری کے عمل کی کڑی نگرانی اور ملک میں گندم کی مجموعی پیداواربارے تفصیلی رپورٹ آئندہ دو سے تین ہفتوں میں اقتصادی رابطہ کمیٹی کے سامنے جمع کرانے کی …

اسلام آباد ۔ 6 مئی (اے پی پی) کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی ) نے وزارت قومی غذائی تحفظ وتحقیق کوپاسکو اورمحکمہ ہائے زراعت کے ساتھ مل کرسرکاری شعبے میں ہدف کے مطابق 8.25 ملین ٹن گندم کی خریداری کے عمل کی کڑی نگرانی اور ملک میں گندم کی مجموعی پیداواربارے تفصیلی رپورٹ آئندہ دو سے تین ہفتوں میں اقتصادی رابطہ کمیٹی کے سامنے جمع کرانے کی ہدایت کی ہے،اجلاس میں مختلف ڈویژنوں کی جانب سے 5 علیحدہ ضمنی گرانٹس کاجائزہ لیا گیا اوران کی منظوری دی گئی۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس بدھ کویہاں وزیراعظم کے مشیربرائے خزانہ ومحصولات ڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ کی زیرصدارت منعقد ہوا، ای سی سی نے وزارت قومی غذائی تحفظ وتحقیق کو پاسکو اورصوبائی محکمہ ہائے زاعت کی جانب سے گندم کی خریداری میں ہونے والی پیش رفت ،مستند معلومات اوراعدادوشمار کی بنیادپر ملک میں گندم کی مجموعی پیداواربارے تفصیلی رپورٹ آئندہ دو سے تین ہفتوں میں اقتصادی رابطہ کمیٹی کے سامنے جمع کرانے کی ہدایت کی ہے تاکہ مستقبل میں اس حوالہ سے بہتر منصوبہ بندی کے ضمن میں ایک واضح منظرنامہ موجود ہو۔کمیٹی نے فلورملوں کو مارکیٹ سے گندم کی خریداری کیلئے زیادہ وقت دینے، گندم کی بین الصوبائی نقل وحمل کی اجازت دینے اورپاکستان سے گندم کی سمگلنگ کے خاتمہ کے تدارک کیلئے امکانات کا جائزہ لینے کی ضرورت پرزوردیا۔ای سی سی نے یہ ہدایات جاری سیزن میں سرکاری شعبہ میں گندم کی خریداری بارے وزارت قومی غذائی تحفظ وتحقیق کی جانب سے ای سی سی کے سامنے پیش کردہ رپورٹ کے تناظر میں جاری کیں۔وزارت نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ 8.25 ملین ٹن گندم کی خریداری کے ضمن میں پنجاب میں 4.5 ملین ٹن ، سندھ میں 1.4، خیبرپختونخوامیں 0.4، بلوچستان میں 0.1، اورپاسکوکی جانب سے 1.8 ملین گندم کی خریداری کاہدف مقرر کیا گیاہے، اب تک پاسکو اورزراعت کے صوبائی محکموں نے مجموعی طورپر3.96 ملین ٹن گندم کی خریداری کی ہے جو کل ہدف کا 48 فیصد بنتاہے، خیبرپختونخوا اوربلوچستان میں گندم کی خریداری کاعمل سست روی کا شکارہے اوردونوں صوبوں کو خریداری کے عمل میں تیزی لانے کی درخواست کی گئی ہے۔اقتصادی رابطہ کمیٹی نے وزارت قومی غذائی تحفظ وتحقیق کی جانب سے کاٹن کی قیمت فکس کرنے کی تجویزکا جائزہ لیا اورتفصیلی بحث کے بعد وزارت کو کاٹن کی ببیج میں تحقیق، کپاس کی فصل کی مجموعی تحقیق وترقی ، بہتر واٹرمنیجمنٹ، کپاس کے شعبہ کی ڈی ریگولیشن اورفصل کی حدبندی پرتوجہ دیتے ہوئے جامع پیکج تیارکرکے ای سی سی کے سامنے پیش کرنے کی ہدایت کی۔اجلاس میں مختلف ڈویژنوں کی جانب سے 5 علیحدہ ضمنی گرانٹس کاجائزہ لیا گیااوران کی منظوری دی گئی ، ڈیفنس ڈویژن کی جانب سے دو علیحدہ تجاویز پر ای سی سی نے آئی ایس آئی ڈائریکٹوریٹ میں سپیشل ٹیلی کام مانیٹرنگ پراجیکٹ کیلئے 1.665 ارب روپے اورڈیفنس کمپلیکس میں سپیشل ایجوکیشن سکول کی تعمیر کیلئے 50 کروڑ روپے کے تکنیکی ضمنی گرانٹس کی منظوری دیدی۔ وزیراعظم معائنہ کمیشن کی تجویزپراقتصادی رابطہ کمیٹی نے معائنہ کمیشن کے مرحوم پرائیوٹ سیکرٹری رئیس انورعباسی کے خاندان کیلئے 10.476 ملین روپے کے تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری دیدی، رئیس انورعباسی12 اگست 2019ء کوانتقال کرگئے تھے۔وزارت تخفیف غربت وسماجی تحفظ ڈویژن کی تجویز پرای سی سی نے 12.143 ملین روپے کی گرانٹ کی منظوری دی، یہ فنڈز اوراس کے نتیجہ میں متعلقہ افسران اور ان کا بجٹ وزارت مذہبی واقلیتی امورسے تخفیف غربت وسماجی تحفظ ڈویژن کو منظور شدہ طریقہ کارکے تحت منتقل ہوجائیگا۔وزارت خزانہ کی تجویز پرای سی سی نے مالی سال 2019-29 ء کے دوران وزیراعظم معاونتی پیکج کے تحت آفس آف کنٹرولر جنرل اکائونٹس کیلئے بقایا جات کی ادائیگی کے ضمن میں 306.615 ملین روپے کے تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری دیدی۔وزارت داخلہ کی تجویزپرای سی سی نے مالی سال 2019-20ء کے آخری چھ ماہ کیلئے ضروری و لازمی اخراجات کے ضمن میں سی ڈی اے کو میٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آباد کیلئے 3.05 ارب روپے مختص کرنے کی اجازت دیدی۔اقتصادی رابطہ کمیٹی نے قومی الیکٹرانک وھیکل پالیسی کیلئے مراعاتی پیکج کا جائزہ لینے کیلئے 26 مارچ کو تشکیل کردہ کمیٹی میں ردوبدل کی منظوری دیدی۔ وفاقی کابینہ میں حالیہ تبدیلیوں کے تناظرمیں اب وفاقی وزیرصنعت وپیداوارحماداظہر، وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق دائود کی جگہ پرکمیٹی کے چئیرمین ہوں گے،سی طرح سیکرٹری تجارت کمیٹی کے رکن ہوں گے۔اقتصادی رابطہ کمیٹی نے وزارت میری ٹائم افئیرز کی تجویز پرکورونا وائرس کی وباء کے تناظرمیں کارگو اورکنٹینرز لینڈنگ کے مفت عرصہ میں مزید 15 دن یعنی 31 مئی 2020ء تک کی توسیع کرنے کی اجازت دیدی۔وزارت میری ٹایم افئیرز کی ایک اورتجویز پرای سی سی نے گوادر فری زون اورایسٹ بے ایکسپریس وے کیلئے راستہ فراہم کرنے کیلئے پاکستان کوسٹ گارڈز کی عمارات منہدم کرانے کے بدلہ میں 19 ایکڑ اراضی فراہم کرنے کیلئے 58 ملین روپے کے تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری دیدی۔وزارت توانائی کی جانب سے بجلی پیداکرنے والے اداروں میں سینٹرل پاورپرچیزنگ ایجنسی کے ذریعہ 300 ارب روپے تقسیم کرنے کے طریقہ ہائے کاروضع کرنے کی تجویزپرای سی سی نے پاورڈویژن بجلی پیداکرنے والے اداروں میں رقوم کی شفاف اورمنصفانہ تقسیم کویقینی بنانے کیلئے جامع طریقہ کار وضع کرکے اسے ای سی سی کے سامنے پیش کرنے کی ہدایت کی۔پاورڈویژن کی تجویز پرای سی سی نے پاور ہولڈنگز لیمیٹد کے بکس سے مہنگے قرضے حکومت پاکستان کومنتقل کرنے اورسال 2019-20 میں 136.454 ارب روپے کے ایک اورقرضہ لینے کی منظوری دی، باقی قرضوں کا آنیوالے مالی سالوں میں بتدریج جائزہ لیاجائیگا، پاور ڈویژن کی ایک اورتجویزپراقتصادی رابطہ کمیٹی نے وزارت خزانہ کو پاورہولڈنگ لیمیٹد کے ذریعہ 41 ارب روپے کی مالی سہولت کیلئے ساورن گارنٹی جاری کرنے کیلئے اقدامات کی اجازت دیدی۔پیٹرولیم ڈویژن کی تجویز پراقتصادی رابطہ کمیٹی نے وزارت خزانہ کونیشنل بنک آف پاکستان کے اکائونت میں 11.7 ارب روپے منتقل کرنے کی ہدایت کی تاکہ شیڈول کے مطابق کویت سے ترسیلات زرکو یقینی بنایا جاسکے۔