وزیراعظم کے مشیربرائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم سے دعوت اسلامی کے وفد کی ملاقات

اسلام آباد ۔ یکم فروری(اے پی پی) وزیراعظم کے مشیر برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے دعوت اسلامی کی جانب سے وزیراعظم کے 10 بلین ٹری سونامی پروگرام میں حصہ لینے کی خواہش کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس حوالہ سے جلد مفاہمت کا سمجھوتہ تیار کیا جائے گا۔ وزیراعظم 9 فروری کو اس سال کی شجرکاری مہم کا افتتاح کریں گے۔ وہ جمعہ کو دعوت اسلامی …

اسلام آباد ۔ یکم فروری(اے پی پی) وزیراعظم کے مشیر برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے دعوت اسلامی کی جانب سے وزیراعظم کے 10 بلین ٹری سونامی پروگرام میں حصہ لینے کی خواہش کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس حوالہ سے جلد مفاہمت کا سمجھوتہ تیار کیا جائے گا۔ وزیراعظم 9 فروری کو اس سال کی شجرکاری مہم کا افتتاح کریں گے۔ وہ جمعہ کو دعوت اسلامی کے ایک وفد سے بات چیت کر رہے تھے۔ وفد میں دعوت اسلامی کے نگران مجلس رابطہ کے انجینئر احتشام، محمد اکرام اور نواب خان شامل تھے۔ دعوت اسلامی کے وفد نے وزیر اعظم کے مشیر کو بتایا کے علامہ الیاس قادری کی خواہش ہے کہ وزیراعظم کے 10 بلین ٹری سونامی پراجیکٹ میں بڑھ چڑھ کے حصہ لیں اور اس کارخیر میں اپنی خدمات سرانجام دیں۔ انہوں نے کہا کہ دعوت اسلامی کا عزم ہے کہ ایک ارب درختوں کی شجرکاری کا ہدف 5 سال کی مدت میں اپنے وسائل اور افرادی قوت سے حاصل کریں گے۔ ملک امین اسلم نے دعوت اسلامی کے عزم کو سراہا اور مفاہمتی یادداشت تشکیل دینے کے احکامات دیئے۔ انہوں نے کہا کہ شجرکاری کیلئے زمین حکومت میسر کرے گی، مفاہمتی یادداشت باہمی معاونت سے جلد تحریر ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ 9 فروری کو وزیراعظم اس سال کی شجرکاری مہم کا افتتاح کریں گے اور اس کے ساتھ ساتھ دعوت اسلامی بھی اپنے حصے کا ہدف حاصل کرنے میں کوشاں ہوگی۔