اسلام آباد۔10دسمبر (اے پی پی):وزیراعظم کے مشیر برائے بین الصوبائی رابطہ سینیٹر رانا ثناءاللہ سے پاکستان میں تعینات قازقستان کے سفیر یرژان کستافین نے بدھ کو وزارت بین الصوبائی رابطہ میں ملاقات کی۔ ملاقات میں وفاقی سیکرٹری برائے بین الصوبائی رابطہ محی الدین احمد وانی سمیت وزارت کے دیگر اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔ ملاقات میں پاکستان اور قازقستان کے درمیان باہمی دلچسپی و تعاون کے دو طرفہ امور …
وزیراعظم کے مشیر برائے بین الصوبائی رابطہ سینیٹر رانا ثناءاللہ سے پاکستان میں تعینات قازقستان کے سفیر کی ملاقات

مزید خبریں
اسلام آباد۔10دسمبر (اے پی پی):وزیراعظم کے مشیر برائے بین الصوبائی رابطہ سینیٹر رانا ثناءاللہ سے پاکستان میں تعینات قازقستان کے سفیر یرژان کستافین نے بدھ کو وزارت بین الصوبائی رابطہ میں ملاقات کی۔ ملاقات میں وفاقی سیکرٹری برائے بین الصوبائی رابطہ محی الدین احمد وانی سمیت وزارت کے دیگر اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔ ملاقات میں پاکستان اور قازقستان کے درمیان باہمی دلچسپی و تعاون کے دو طرفہ امور تجارت ،کھیل، سیاحت، علاقائی رابطہ اور ثقافت پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔قازقستان کے سفیر نے دونوں ممالک کے درمیان تجارت کی موجودہ صورتحال پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ پاکستان قازقستان کو زرعی مصنوعات جیسے کینو، آم، پیاز، سرجیکل آلات اور دیگر اشیاء برآمد کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ تجارتی تعاون دونوں ممالک کے لئے انتہائی اہمیت رکھتا ہے۔اس موقع پر سینیٹر رانا ثناءاللہ نے کہا کہ پاکستان کے آم اور کینو ذائقے اور معیار کے اعتبار سے دنیا بھر میں منفرد مقام رکھتے ہیں اور ان کی عالمی سطح پر کوئی مثال نہیں ملتی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنی زرعی برآمدات میں مزید اضافہ کرنے کا خواہاں ہے۔ قازقستان کے سفیر نے اس امر کی نشاندہی کی کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور نقل و حمل کو اس وقت مشکلات کا سامنا ہے کیونکہ پاک-افغان سرحد کی بندش سے علاقائی روابط متاثر ہوئے ہیں۔
اس پر ردعمل دیتے ہوئے سینیٹر رانا ثناءاللہ نے کہا کہ پاکستان نے افغان مسئلے کے حل کے لئے ہر ممکن کوشش کی ہے لیکن افغان رجیم تعاون پر آمادہ نہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان نے افغانستان کے لئے بے شمار قربانیاں دیں اور لاکھوں افغان شہریوں کی میزبانی کی مگر افسوس کہ افغانستان کی سرزمین پاکستان میں دہشت گردی کرنے والے عناصر کی مدد کے لئے استعمال ہو رہی ہے۔
انہوں نے دو ٹوک مؤقف اپناتے ہوئے کہا کہ پاکستان اپنی سرزمین پر کسی بھی قسم کی دہشت گردی کی اجازت نہیں دے گا۔قازقستان کے سفیر نے مزید کہا کہ پاکستان ہمارے لئے ایک اہم سٹریٹجک پارٹنر ہے اور قازقستان پاکستان کے ساتھ سپورٹس سمیت تعلیم، زراعت، میڈیسن، ثقافت اور دیگر امور میں تعاون بڑھانا چاہتا ہے۔







