گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نےکہا ہے کہ 6 ستمبر ہماری قومی تاریخ کا عظیم اور یادگار دن ہے جو ہمیں ان جاں نثاروں کی لازوال قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جنہوں نے 1965ء میں مادرِ وطن کے دفاع کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔یوم دفاع پر جاری پیغام میں گورنر نے کہا کہ یومِ دفاع نہ صرف افواجِ پاکستان کی بے مثال بہادری اور قربانیوں کی …
6 ستمبر قومی تاریخ کا عظیم دن،یہ 1965ء میں مادرِ وطن کے دفاع کے لیے قربانیاں پیش کرنے والوں کی یاددلاتا ہے، فیصل کریم کنڈی

مزید خبریں
پشاور۔ 06 ستمبر (اے پی پی):گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نےکہا ہے کہ 6 ستمبر ہماری قومی تاریخ کا عظیم اور یادگار دن ہے جو ہمیں ان جاں نثاروں کی لازوال قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جنہوں نے 1965ء میں مادرِ وطن کے دفاع کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔یوم دفاع پر جاری پیغام میں گورنر نے کہا کہ یومِ دفاع نہ صرف افواجِ پاکستان کی بے مثال بہادری اور قربانیوں کی علامت ہے بلکہ پوری قوم کی یکجہتی، عزم اور حوصلے کا بھی مظہر ہے۔
گورنر نے اس موقع پر وطنِ عزیز کے دفاع اور سلامتی کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے تمام شہدا کو خراجِ عقیدت اور غازیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے غیور عوام نے اپنے بہادر سپوتوں کے شانہ بشانہ ہر دور میں ملکی دفاع اور سلامتی کے لیے اہم کردار ادا کیا ہے۔ 1965ء کی جنگ ہو، گزشتہ سال بھارتی جارحیت کا مؤثر جواب، دہشت گردی کے خلاف جنگ یا آفات سے نمٹنے کا چیلنج، خیبر پختونخوا کے عوام اور سکیورٹی اداروں نے ہمیشہ قربانی، عزم اور بہادری کی اعلیٰ مثالیں قائم کی ہیں۔
گورنر نے کہا کہ گزشتہ سال بھارتی جارحیت کے خلاف معرکۂ حق، بنیان المرصوص کی شاندار کامیابی ہماری سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، عزم اور بہادری کا واضح ثبوت ہے۔انہوں نے کہا کہ یومِ دفاع ہمیں یہ یاد دلاتا ہے کہ پاکستان کا دفاع صرف افواجِ پاکستان کی ذمہ داری نہیں بلکہ یہ پوری قوم کی مشترکہ ذمہ داری ہے، آج کے دن ہمیں اس عزم کا اعادہ کرنا چاہیے کہ ہم اندرونی اور بیرونی چیلنجز کا متحد ہو کر مقابلہ کریں گے اور قومی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے اپنی بھرپور کوششیں جاری رکھیں گے۔








