وزیراعظم کے مشیر برائے حج آپریشن شہزاد ارباب سے سعودی کے ڈائریکٹر جنرل پاسپورٹس کی قیادت میں وفد کی ملاقات

اسلام آباد ۔ 2 اپریل (اے پی پی) وزیراعظم کے مشیر برائے اسٹیبلشمنٹ اینڈ کوآرڈینیٹر برائے حج آپریشن محمد شہزاد ارباب سے سعودی عرب کے ڈائریکٹر جنرل پاسپورٹس میجر جنرل سیلمان الیحی کی قیادت میں سعودی عرب کے وفد نے وزیراعظم آفس میں ملاقات کی۔ منگل کو ہونے والی ملاقات کے دوران عازمین حج کی پاکستانی ایئرپورٹس پر روانگی سے قبل امیگریشن کو یقینی بنانے کے انتظامات کا جائزہ لیا …

اسلام آباد ۔ 2 اپریل (اے پی پی) وزیراعظم کے مشیر برائے اسٹیبلشمنٹ اینڈ کوآرڈینیٹر برائے حج آپریشن محمد شہزاد ارباب سے سعودی عرب کے ڈائریکٹر جنرل پاسپورٹس میجر جنرل سیلمان الیحی کی قیادت میں سعودی عرب کے وفد نے وزیراعظم آفس میں ملاقات کی۔ منگل کو ہونے والی ملاقات کے دوران عازمین حج کی پاکستانی ایئرپورٹس پر روانگی سے قبل امیگریشن کو یقینی بنانے کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ سعودی وفد میں ڈی جی پاسپورٹس میجر جنرل سیلمان الیحی، سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی، پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر ڈاکٹر حسین الشریف، محمد الغامدی سمیت دیگر اراکین بھی شامل تھے جبکہ ملاقات میں سیکرٹری مذہبی امور مشتاق احمد نے بھی شرکت کی۔ وزیراعظم کے مشیر نے سعودی وفد کا استقبال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے انتہائی قریبی اور دوستانہ تعلقات ہیں جو باہمی اعتماد کے گہرے رشتوں پر استوار ہیں اور دونوں ممالک مذہبی اور باہمی دلچسپی کے تمام امور پر ایک دوسرے کی بھرپور حمایت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان دونوں ممالک کے باہمی تعلقات کو تمام شعبوں میں مزید فروغ دینا چاہتی ہے تاکہ پاکستان اور سعودی عرب کے عوام اس سے مستفید ہو سکیں۔ وزیراعظم کے مشیر نے مشکل کی ہر گھڑی میں پاکستان کی بے مثال مدد اور معاونت کرنے پر حکومت پاکستان اور پاکستانی عوام کی طرف سے سعودی حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ روڈ ٹو مکہ منصوبہ کو کامیاب بنانے کیلئے تمام تر ممکنہ اقدامات کو یقینی بنایا جائے گا اور اس حوالہ سے متعلقہ حکام اور اداروں کے باہمی رابطوں کو استوار کیا جائے گا تاکہ سعودی حکام کی طرف سے امیگریشن کے حوالہ سے درکار تمام تر ضروریات کو یقینی بنایا جا سکے۔ وزیراعظم کے مشیر نے روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کو پاکستان تک توسیع دینے پر سعودی حکام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ سہولت پاکستانی عازمین حج کیلئے بہترین سہولت ہے اور اب پاکستانی حجاج کرام کی امیگریشن کلیئرنس پاکستانی ایئرپورٹس پر ہو سکے گی اور انہیں سعودی عرب کے ایئرپورٹس پر اترنے کے بعد امیگریشن اور کسٹم کی چیکنگ کے مرحلہ سے نہیں گزرنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان میں مزید ایئرپورٹس پر اس طرح کی سہولت کی فراہمی کیلئے اقدامات کریں۔ سعودی وفد نے پاکستان کو روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کے حوالہ سے ہر طرح کے ممکنہ تعاون کا یقین دلایا اور کہا کہ منصوبہ کو پاکستان تک توسیع دینے کے فیصلہ سے دونوں برادر ممالک کے تعلقات میں مزید وسعت استحکام آئے گا۔ سعودی عرب کے ڈائریکٹر پاسپورٹ میجر جنرل سیلمان الیحی نے کہا کہ روڈ ٹو مکہ کی سہولت پاکستان کے عوام کیلئے خادمین الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز السعود کی جانب سے تحفہ ہے۔ سعودی وفد پاکستان کے تین روزہ دورہ پر ہے۔ اس دوران وفد نے سول ایوی ایشن اتھارٹی، امیگریشن اینڈ پاسپورٹس، کسٹمز، اینٹی نارکوٹکس فورس، وزارت داخلہ اور وزارت مذہبی امور سمیت دیگر تمام شراکت داروں سے تفصیلی ملاقاتیں کر رہا ہے تاکہ منصوبہ کو حتمی شکل دی جا سکے۔

مزید خبریں

Leave a Reply