وزیراعظم کے معاون خصوصی اور پی ٹی آئی کے صوبائی پارلیمانی لیڈر سردار یارمحمد رند کی کوئٹہ پریس کلب میں صحافیوں سے گفتگو

کوئٹہ۔17جنوری (اے پی پی )وزیراعظم کے معاون خصوصی اور پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی پارلیمانی لیڈر سردار یارمحمد رند نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی حکومت پانچ سالہ اپنی مدت پوری کرے گی، وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے پاکستان تحریک انصاف کو کابےنہ میں طے فارمولے کے تحت حصہ دینے کی یقین دہانی کروائی ہے، سخت سردی اور برف باری میں کیسکو اور سوئی سدر ن گیس …

کوئٹہ۔17جنوری (اے پی پی )وزیراعظم کے معاون خصوصی اور پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی پارلیمانی لیڈر سردار یارمحمد رند نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی حکومت پانچ سالہ اپنی مدت پوری کرے گی، وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے پاکستان تحریک انصاف کو کابےنہ میں طے فارمولے کے تحت حصہ دینے کی یقین دہانی کروائی ہے، سخت سردی اور برف باری میں کیسکو اور سوئی سدر ن گیس کمپنی کی کارکردگی کے حوالے سے وزیراعظم عمران خان کو خط لکھ دیا ہے، اس حوالے سے وزیراعظم عمران خان کو تمام صورتحال سے مل کر بھی آگاہ کروں گا۔ ان خیالات کااظہارانہوں نے جمعہ کے روز کوئٹہ پریس کلب میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔سردار یار محمد رند نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان پانچ سال پورے کریں گے کیونکہ جن کے پاس مینڈیٹ اور صلاحیت نہیں تھی وہ بھی اپنے پانچ سال پورے کر کے گئے، خان صاحب توکم از کم موجودہ مدت کے پانچ سال ضرورپورے کریں گے پھر اگلے الیکشن میں لوگ ہمیں کارکردگی کے حوالے سے ووٹ دیں گے ۔انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان میں سردی اور برفباری کی وجہ سے گزشتہ کچھ دنوں سے لوگوں کوگیس اوربجلی کی وجہ سے بہت سی مشکلات درپیش ہیں عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی ریاست کا کام ہے۔ وزیراعظم کی جانب سے مجھے مانےٹرنگ اور کوآرڈنیشن کی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں ۔گور نر سے ملاقات اور وزیراعلیٰ جام کمال سے بھی گےس اور بجلی کی صورتحال کے حوالے سے رابطے میں ہوں،حالیہ دنوں میں کیسکو اور سوئی سدرن گیس کمپنی کو بہتر کارکردگی دکھانے کی ضرورت تھی،تاہم دونوں محکموں کی کارکردگی کے حوالے سے وزیراعظم کو خط لکھ دیا ہے۔ بلوچستان کی موجودہ صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے ہم اس مسئلے کو سنجےدگی سے لیں گے ،اس حوالے سے وزیراعظم سے بھی ملاقات کروں گا اور انہیں صورتحال سے آگاہ کروں گا ہماری کوشش اور خواہش ہے کہ بنیادی سہولیات عوام کے دروازے پر انہیں مہیا کی جائیں ۔دریں اثناءسردار یارمحمد رند نے کوئٹہ پریس کلب کے صدر رضاالرحمن کی ہمشیرہ ، سینئر صحافی خلیل احمد کے بھائی کے انتقال پر تعزیت کا اظہار اور فاتحہ خوانی بھی کی۔