وزیراعظم یوتھ پروگرام، یونیورسٹی آف لاہور اور ایزمر کے درمیان لیٹر آف انٹینٹ پر دستخط
وزیراعظم یوتھ پروگرام، یونیورسٹی آف لاہور اور ایزمر کے درمیان لیٹر آف انٹینٹ پر دستخط

مزید خبریں
اسلام آباد۔4ستمبر (اے پی پی):وزیراعظم یوتھ پروگرام، یونیورسٹی آف لاہور اورٹریننگ اینڈ ٹیکنالوجی آرگنائزیشن ایزمور کےکنسورشیم کے درمیان لیٹر آف انٹینٹ پر دستخط کئے گئے۔ جمعہ کو وزیراعظم یوتھ پروگرام سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم یوتھ پروگرام اور یونیورسٹی آف لاہور اور ایزمور کے کنسورشیم کے درمیان پاکستان کے نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور ان کی استعداد کار بڑھانے کے لئے تعاون کے امکانات پر غور کرنے کے سلسلے میں وزیراعظم آفس میں ایک اہم اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں کوروٹ سسٹمز کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔
اس معاہدے کی دستخطی تقریبِ میں چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں نے بھی شرکت کی۔ تقریب میں ایزمورکے سید عمر شریف بخاری، کورویٹ سسٹمز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کاشف الحق، جونیئر اچیومنٹ پاکستان کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے رکن علی زاہد، ڈپٹی ڈائریکٹر امسال زمان اور وزیراعظم یوتھ پروگرام کے دیگر نمائندے بھی موجود تھے۔ وزیراعظم یوتھ پروگرام حکومتِ پاکستان کا ایک اہم نوجوانوں پر مرکوز پروگرام ہے جس کا مقصد تعلیم، ہنرمندی، کاروباری مواقع، روزگار، ڈیجیٹل شمولیت اور دیگر نوجوانوں سے متعلق پروگرامز کے ذریعے ملک کے نوجوانوں کے لئے نئے مواقع پیدا کرنا ہے۔
اس اقدام کے ذریعے سرکاری شعبے، جامعات، پیشہ وارانہ تربیتی اداروں اور ٹیکنالوجی کے شعبے کی صلاحیتوں کو یکجا کرتے ہوئے نوجوانوں کے لئے تعلیم، ہنرمندی، ڈیجیٹل تعلیم، کاروباری مواقع، پیشہ وارانہ ترقی اور کردار سازی کے نئے مواقع پیدا کرنے کی کوشش کی جائے گی۔چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کے لئے مزید مواقع پیدا کرنے کے لئے جامعات، نجی شعبے اور پیشہ وارانہ تربیتی اداروں کے ساتھ بامعنی شراکت داری انتہائی اہم ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ایسے تعاون سے پاکستان کے نوجوانوں کو جدید تعلیم، ہنر اور پیشہ وارانہ مواقع فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔شرکا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ لیٹر آف انٹینٹ کے تحت عملی، جامع اور پائیدار اقدامات کو فروغ دیا جائے گا جن سے ملک بھر کے نوجوانوں کو حقیقی اور مؤثر فوائد حاصل ہوں۔








