وزیراعظم یوتھ پروگرام (پی ایم وائی پی) کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کے اسمارٹ کلاس روم کا دورہ کیاجہاں انہوں نے اے سی ٹی-اے آئی آن لائن شارٹ کورس میں زیر تعلیم طلبہ سے ورچوئل ملاقات کی اور ایچ ای سی حکام سے پروگرام کی پیش رفت پر بریفنگ لی
وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان کا ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کے اسمارٹ کلاس روم کا دورہ

مزید خبریں
اسلام آباد۔9جولائی (اے پی پی):وزیراعظم یوتھ پروگرام (پی ایم وائی پی) کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کے اسمارٹ کلاس روم کا دورہ کیا جہاں انہوں نے اے سی ٹی-اے آئی آن لائن شارٹ کورس میں زیر تعلیم طلبہ سے ورچوئل ملاقات کی اور ایچ ای سی حکام سے پروگرام کی پیش رفت پر بریفنگ لی۔دورے کے دوران ملتان، ملاکنڈ، کراچی، گلگت اور دیگر شہروں کی جامعات کے طلبہ نے آن لائن سیشن میں شرکت کرتے ہوئے مصنوعی ذہانت کے اس تربیتی پروگرام کے عملی اور صنعت کی ضروریات سے ہم آہنگ نصاب کو سراہا۔ طلبہ نے آئندہ مراحل کو مزید مؤثر بنانے کے لیے مختلف تجاویز بھی پیش کیں۔رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کے وژن کے مطابق حکومت نوجوانوں کو مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ مصنوعی ذہانت کی مہارتوں سے آراستہ کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان کے پہلے یکساں مصنوعی ذہانت کے قومی نصاب کی تیاری پر بھی کام جاری ہے۔اجلاس میں نوجوانوں کے لیے انٹرن شپ، رہنمائی، کاروباری معاونت اور روزگار کے مواقع میں اضافے کے لیے اگنائٹ، نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن (نیوٹیک)، نیشنل انکیوبیشن سینٹر، پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ (پی ایس ای بی)، پاکستان سافٹ ویئر ہاؤسز ایسوسی ایشن (پاشا) اور جامعات کے انکیوبیشن مراکز کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر ایچ ای سی حکام نے بتایا کہ کمیشن کی جانب سے نیشنل اسکل کمپیٹنسی ٹیسٹ (این ایس سی ٹی) سمیت متعدد اقدامات پر عمل جاری ہے، جبکہ ملک بھر کے انڈرگریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ پروگراموں میں مصنوعی ذہانت کا لازمی مضمون بھی متعارف کرایا جا رہا ہے تاکہ طلبہ کو جدید ٹیکنالوجی سے متعلق مہارتیں فراہم کی جا سکیں۔








